ایک نیوز: پاکستان کیلئے تیار کیے جانے والے آف شور پٹرول ویسل پی این ایس حنین کی کمیشننگ کی تقریب کا انعقاد رومانیہ کی بندرگاہ کانسٹینٹا میں ہوا ،چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف تقریب کے مہمان خصوصی تھے ، رومانیہ کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل گورگھیٹا ولاد اور رومانیہ نیوی کے چیف وائس ایڈمرل میہائی پینائیت نے بھی خصوصی شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پی این ایس حنین کثیرالمقاصد، انتہائی سبک رفتار جنگی بحری جہاز ہے جو ٹرمینل ڈیفنس سسٹم کے ساتھ ساتھ جدید ترین الیکٹرانک وارفیئر، اینٹی شپ اور اینٹی ایئر وارفیئر کی صلاحیتوں کا بھی حامل ہے ، یہ جہاز ملٹی رول ہیلی کاپٹر کے ساتھ لمبے عرصے تک متعدد آپریشنز سرانجام دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
سربراہ پاک بحریہ نوید اشرف نے کہا جہاز کی شمولیت سے میری ٹائم سیکیورٹی کیلئے پاک بحریہ کی صلاحیتوں، دور دراز بین الاقوامی پانیوں میں موجودگی اور آپریشنل تیاریوں میں مزید اضافہ ہوگا، پی این ایس حنین کی شمولیت سے بحر ہند میں علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول میں تعیناتی مزید مستحکم ہو گی۔
نیول چیف نے ڈیمن شپ یارڈ کی پیشہ وارانہ مہارت اور پاک بحریہ کو جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی پر شپ یارڈ انتظامیہ کی تعریف کی۔
کمیشننگ کی تقریب میں پاکستان، رومانیہ اورہالینڈکے اعلیٰ حکام اور رومانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے معززین نے شرکت کی۔