ویب ڈیسک: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ عوام کی طاقت کو کنٹینر لگا کر نہیں روکا جا سکتا، ہم پُرامن رہنا چاہتے ہیں۔
تفصیلا ت کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں جماعت اسلامی کے آج دھرنے اور ملک بھر میں کریک ڈاؤن، کارکنوں کی گرفتاریوں اور قافلوں کو روکنے کے علاوہ رکاوٹیں کھڑی کرکے راستے بند کرنے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ آج دھرنے کیلئے بھرپور جوش سے ملک بھر سے قافلے روانہ ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام فسطائیت کے بعد بھی کارکنان کو کہتا ہوں کہ مینیج کریں اور دھرنے میں پہنچیں، ہم پُرامن لوگ ہیں اور پُرامن رہنا چاہتے ہیں، اس کی ذمہ داری حکومت پر آتی ہے کہ وہ کیسے امن قائم رکھتے ہیں، تمام نمائندگان کو کہتا ہوں، جہاں رکاوٹ ملے وہیں دھرنا دے دیں، ایک دھرنے کو کئی دھرنوں میں تبدیل کریں گے، کارکنان کو کہتا ہوں رکاوٹ کے آگے دھرنا دے کر قیادت کی کال کا انتظار کریں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم بتائیں گے کہ عوام کی طاقت کو کنٹینر لگا کر نہیں روکا جا سکتا، ہمیں بجلی کے بل کم چاہئیں ، ہم آئی پی پیز سے چھٹکارا چاہتے ہیں۔
دریں اثنا مرکزی سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ اس وقت اسلام آباد میں مختلف اضلاع کے افراد بڑی تعداد میں پہنچ چکے ہیں، قیادت کی طرف سے متعین عارضی قیام کی اطلاع تمام صوبوں کو کی جا رہی ہے، ریلی کے مقام کی حتمی اطلاع مشاورت کے ساتھ جمعہ کی نماز تک کر دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ریلی کے مقام پر تمام شرکا کو شام 5 بجے پہنچنا ہوگا، دھرنے کے شرکا ابھی جہاں بھی مقیم ہیں، وہیں قیام رکھیں، ریلی کے آغاز کے مقام کی اطلاع حاصل کر کے احتیاط کے ساتھ 5 بجے شام تک پہنچ جائیں، شرکائے دھرنا کو پرامن رہتے ہوئے اسلام آباد میں نماز جمعہ کے قریب داخل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔