ایک نیوز :امریکی صدر جو بائیڈن کے ’کمانڈر‘ نامی جرمن شیفرڈ کتے نے مبینہ طور پر گذشتہ سال چار ماہ کے عرصے میں سات افراد کو کاٹ کھایا ہے۔
یہ وائٹ ہاؤس کا دوسرا کتا ہے جس نے اس قدر جارحانہ رویے کا مظاہرہ کیا ہو۔اس سے قبل ایک اور کتے ’میجر‘ (’فرسٹ ڈاگ‘) کو بھی اسی طرح کے برتاؤ کی وجہ سے امریکی صدر کی سرکاری رہائش گاہ سے ہٹا دیا گیا تھا۔’کمانڈر‘ کتے کے جارحانہ طرز عمل کی رپورٹ نیویارک پوسٹ کی جانب سے حاصل کی گئی داخلی خفیہ سروس کی پیغام رسائی سے ہوئی۔
جوڈیشل واچ کی جانب سے حاصل کردہ ای میلز کے مطابق تین نومبر کو وائٹ ہاؤس کے ڈاکٹر کے دفتر نے ایک سیکرٹ سروس افسر کو اس وقت علاج کے لیے مقامی ہسپتال بھیجا جب صدر بائیڈن کے کتے نے ان کے بازو اور ران پر کاٹ لیا تھا۔
دوسرا واقعہ 10 نومبر کو پیش آیا جب کینیڈی گارڈن میں خاتون اول جِل بائیڈن کے ساتھ چہل قدمی کے دوران کمانڈر نے مبینہ طور پر ایک افسر کی ران پر کاٹ لیا۔
کچھ دن بعد ایک اور افسر ںے کہا کہ انہوں نے ایک کرسی کے ذریعے صدر کے کتے کے حملے سے خود کو بچایا۔
نیویارک پوسٹ کے مطابق ہفتوں بعد کمانڈر نے ایک اور سیکرٹ سروس افسر کے ہاتھ اور بازو پر کاٹ کر جلد پھاڑ دی۔