عام انتخابات: حکمران جماعت کی تخت لاہور پر نظریں، خزانوں کے منہ کھول دیے

Jul 26, 2023 | 14:56 PM

ایک نیوز: حکمران جماعت مسلم لیگ ن نے پنجاب کو عام انتخابات کے حوالے سے فوکس کرتے ہوئے ریکارڈ ترقیاتی فنڈز جاری کردیے ہیں۔ اراکین قومی اسمبلی کو 26 ارب روپے سے زائد ملیں گے۔

ذرائع کے مطابق حکمران جماعت نے عام انتخابات میں کامیابی کی حکمت عملی ترتیب دیدی۔ عام انتخابات میں جیت کیلئے پنجاب ٹارگٹ ہوگا۔ جس کے لیے  باقی تمام صوبوں سے زائد بجٹ پنجاب میں جاری کیا جارہا ہے۔ 

ذرائع نے خبر دی ہے کہ ایم این ایز کیلئے ترقیاتی اسکیمز کے تحت پنجاب کو 26 ارب 35 کروڑ جاری کر دیے گئے۔ دوسری جانب سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخواہ کو تقریبا ساڑھے 20 ارب جاری کیے گئے۔

سندھ کے ایم این ایز کو ترقیاتی فنڈز کے تحت 9 ارب 23 کروڑ جاری کر دیے گئے۔ بلوچستان کے ایم این ایز کو 2 ارب 58 کروڑ، کے پی کیلئے 8 ارب 96 کروڑ جاری کیے گئے ہیں۔ 

سندھ کو گزشتہ ماہ کے دوران 15 ارب سیلاب سے ریکوری و بحالی کیلئے جاری کیے تھے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب اور سندھ کے ایم این ایز کیلئے ابھی مزید فنڈز کا اجرا کیا جائے گا۔ 8 اگست سے پہلے 61 ارب روپے سے زائد ایم این ایز کو جاری کیے جائیں گے۔

مزیدخبریں