بلاول بھٹو اور فریال تالپور کی اسلم ابڑو کے بھائی،بھتیجے کے قتل کی مذمت

Jul 26, 2023 | 14:51 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: پی پی پی چیئرمین و وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری  اور فریال تالپور نےرکنِ سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے کے قتل کی مذمت  کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق  بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اکرم ابڑو اور شہریار ابڑو کا بہیمانہ قتل دہشتگردی ہے، قاتل جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔ اسلم ابڑو سمیت سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں، اللہ تعالیٰ انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔دعاگو ہوں، اللہ تعالیٰ اکرم ابڑو شہید اور شہریار ابڑو شہید کو بلند درجات عطا فرمائے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی واقعے میں زخمی ہونے والوں کے لیے بھی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و  رکنِ سندھ اسمبلی فریال تالپور نےپارٹی ایم پی اے اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے کے قتل کی مذمت  کرتے ہوئے کہا کہ اکرم ابڑو اور شہریار ابڑو کے بہیمانہ قتل کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔

فریال تالپور نے کہا کہ امید ہے، پولیس اِس دہشتگردی میں ملوث مجرموں کو جلد قانون کے کٹہڑے میں لائے گی،فریال تالپور نےاسلم ابڑو سمیت سوگوار خاندان سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار  کرتے ہوئے کہا کہ دعا ہے اللہ تعالیٰ  مرحوم کے درجات بلند اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

یاد رہے کہ کراچی ڈیفنس فیز7 میں ایم پی اے اسلم ابڑو کے بھائی کی  گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں اکرم ابڑو اپنے بیٹے شہریار سمیت   جاں بحق ہوگئے جبکہ 3افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

مزیدخبریں