وفاقی کابینہ کا اجلاس: قومی بھنگ پالیسی اعتراضات کی وجہ سے مؤخر

Jul 26, 2023 | 13:05 PM

ایک نیوز: وفاقی کابینہ نے قومی بھنگ پالیسی اعتراضات کی وجہ سے موخر کردی۔ وزیر اعظم نے مزید غور کے لئے خواجہ آصف کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی۔ اس کے علاوہ سرمایہ کاری بورڈ کے قوانین میں ترمیم کی منظوری، اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کو قوانین میں شامل کردیا گیا۔ وفاقی کابینہ نے 55 افراد کے نام ای سی ایل میں شامل اور خارج کرنے کی بھی منظوری دیدی ہے۔وفاقی کابینہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے Whole of the Government  پالیسی پر عمل درآمد کررہی ہے۔ اس پالیسی کا مقصد ملک میں بیرونی سرمایہ کاری سے منصوبوں کو برق رفتاری سے عملی جامہ پہنانا ہے۔ 

وزیراعظم نے وزیرِمملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک کی آذربائیجان کے ساتھ LNG معاہدے کو حتمی شکل دینے کی کامیاب کوششوں پر اُن کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کی سمت میں ایک اہم قدم بلکہ پاکستان کی توانائی سلامتی کے لیے بھی ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

وفاقی کابینہ نے وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سفارش پر  صارفین کے ڈیٹا کے تحفظ اور انفارمیشن سسٹم کے ناجائز  وغیر قانونی استعمال کی روک تھام کے لیے ای سیفٹی بل 2023(E-Safety Bill 2023) کی اصولی منظوری دے دی۔ پاکستان میں تمام قسم کی آن لائن سروسز، آن لائن خریداری، مختلف کمپنیوں کو دیئے جانے والے کوائف اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر صارفین کے ڈیٹا کو محفوظ کرنے اور اِس کے بغیر اجازت استعمال کو یقینی بنانے کے لیے اس قانون کے تحت ایک جامع فریم ورک بنایا جائے گا۔ بل کی منظوری کے بعد آن لائن ہراسمنٹ (Harrassment)، سائبر بُلنگ(Cyber Bulling)، بلیک میلنگ جیسے گھناؤنے جرائم کو موثر طریقے سے روکا جاسکے گا۔ 

وفاقی کابینہ نے وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کی سفارش پر Personal Data Protection Bill 2023 کی بھی اصولی منظوری دے دی۔ اس بل کے تحت حکومت مختلف ادارے اور کمپنیاں، صارف کے ذاتی کوائف / ڈیٹا کی حفاظت یقینی بنائیں گی اور اُن کی اجازت کے بغیر کسی بھی کمپنی، فرد یا حکومتی ادارے کو صارف کی اجازت کے بغیر اُس کے کوائف/ ڈیٹا دینے پر پابندی لگائے گی۔ قانون کے تحت صارفین کے نجی کوائف/ ڈیٹا کو محفو ظ کرنے اور شکایات کے ازالے کے لیے نیشنل کمیشن فار پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن (NCPDP) کا قیام عمل میں لایا جائے گا جو ایک دیوانی عدالت کی حیثیت رکھے گا۔

وفاقی کابینہ نے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے  سرمایہ کاری بورڈ آرڈیننس2001 کے ترمیمی بل کے مسودے کی منظوری دے دی۔ اس ترمیم کے تحت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل(SIFC) کو بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ اُس کے بنیادی ڈھانچے، کام کے طریقہ کار اور مختلف وزارتوں و صوبائی حکومتوں کے ساتھ تعاون کے طریقہ کار کو بھی وضع کرے گا۔ قانون کی منظوری کے بعد خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کے منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد کو یقینی بناسکے گی۔ 

وفاقی کابینہ نے وزارتِ انسداد منشیات کی سفارش پر قومی بھنگ پالیسی کے مندرجات کو حتمی شکل دینے کے لیے وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی سربراہی میں ایک وزارتی کمیٹی قائم کردی یہ کمیٹی اپنی سفارشات کو حتمی شکل دے کرکابینہ کے آئندہ اجلاس میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ 

وفاقی کابینہ نے وزارت ِ قانون و انصاف کی سفارش پر احتساب عدالتوں کی تنظیمِ نوکی منظوری دے دی جس کے تحت 11 احتساب عدالتوں کو 7  بینکنگ کورٹس 2  کو Intellectual Tribunals ایک اسپیشل کورٹ سینٹرل اور ایک اسپیشل کورٹ بلوچستان میں تبدیل کیا جائے گا۔  اس تنظیم نو پر کوئی اضافی اخراجات نہیں آئیں گے۔

وفاقی کابینہ نے سوئی ناردرن گیس پائپ لائن (SNGPL) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے سلیکشن کمیٹی کے ممبران کی تقرری کی منظوری دے دی۔ 

وفاقی کابینہ نے وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کی سفارش پر National Adaptation Plan 2023 کی منظوری دے دی۔ پلان کے تحت حکومت دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کرموسمی خطرات سے دوچارکمیونٹیز کو موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچانے کے لیے ایسے اقدامات کرے گی جس سے نہ صرف خطرات سے پیشگی اطلاع بلکہ کسی ہنگامی صورتحال سے نپٹنے کے لیے موثر اقدامات شامل ہوں گے۔ 

وفاقی کابینہ نے وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کی سفارش پراسلام آباد میں جنگلی حیات و قدرتی اثاثوں کے تحفظ کے لیے Islamabad Nature Conservation and Wild Life Management Act,2023  کو کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز (CCLC)میں بھجوانے کی منظوری دے دی۔  

وفاقی کابینہ نے وزارتِ داخلہ کی سفارش پر ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ECL) میں نام ڈالنے اور نکالنے کی منظوری دے دی۔ مزید برآں کابینہ نے اس اَمر کی بھی منظوری دی کہ اگرپاسپورٹ کنٹرول لسٹ اور ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ناموں کی شمولیت کی وجہ ایک ہی ہو توایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکالنے کے ساتھ ساتھ پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں سے بھی نام نکالا جائے گا۔ 

وفاقی کابینہ نے  اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 24  جولائی 2023 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز(Cabinet Committee on Legislative Cases)کے6، 7،21 اور25 جولائی  2023  کو منعقد ہونے والے  اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کی.

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری(Cabinet Committee on Privatization)کے 10جولائی  2023  کو منعقد ہونے والے  اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے بین الحکومتی تعاون (Cabinet Committee on Inter Govermental Transaction کے 10جولائی  2023  کو منعقد ہونے والے  اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔

مزیدخبریں