ایک نیوز: نیپرا نے بجلی کی قیمت میں بڑے اضافے کی منظوری کے چند گھنٹے بعد ہی عوام پر ایک اور بجلی بم گرا دیا۔بجلی 1روپے81 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی گئی۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی ایک بار پھر ایک روپے 81 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی، جس سے صارفین پر 24 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔
چئیر مین توصیف ایچ فاروقی کی سربراہی میں نیپرا میں سماعت ہوئی،حکام کا کہنا ہے کہ ٹرانسمیشن لائنز میں خرابی کے باعث سسٹم پر اضافی بوجھ پڑا،گرڈ اسٹیشنز اورولوڈنگ ہوئے جس پر متبادل اور مہنگے پلانٹس چلائے گئے،
ممبر نیپرا نے کہاکہ تھر کی بجلی جو سستی ہے اسں کو کیوں نہیں لیا گیا؟چئیر مین نیپرا نے کہا کہ ایک بجلی آپ کو 4سے 7روپے میں مل رہی ہے تو مہنگی کیوں لی ؟
این ٹی ڈی سی حکام نے کہا کہ ہائیڈل کے ٹو اور دیگر سے بجلی لینا پہلی ترجیح ہوتی ہے۔
ممبر نیپرا نے کہا کہ 2016 سے 2023 تک این ٹی ڈی سی سسٹم پر133 ٹاور تباہ ہوئے،ساؤتھ ریجن میں 106 ٹرانسمشن لائن کے ٹاور تباہ ہوئے،نارتھ ریجن میں 17 ٹرانسمشن لائنز کے ٹاور تباہ ہوئے،ایسی صورتحال پوری دنیا میں کسی اور ملک ہے تو بتائی جائیں۔
این ٹی ڈی سی حکام نے کہا کہ صورتحال پر منحصر ہے کہ ہوا یا موسمی صورتحال کیسی ہے،کوئی بھی سسٹم چلتے ہوئے 100 فیصد تک درست کام نہیں کر سکتا،موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات ہیں پہلے کبھی ایسی صورتحال نہیں۔
نیپرا حکام نے کہا کہ22مئی کو این ٹی ڈی سی کو جرمانہ کیا جا چکا ہے۔چئیر مین نیپرا نے کہا کہ تمام ذرائع کے ہونے کے باوجود قوم کا پیسہ ضائع کیا جارہا ہے۔
ممبر نیپرا نے کہا کہ قانونی ٹیم نے یہ کیس تحقیقات کیلئے متعلقہ ایجنسی کو کیوں نہیں بھیجا؟2016 کے بعد جتنے ٹاور تباہ ہوئے اور جتنا بھی نقصان ہوا اس کا ذمہ دار کون ہے؟
حکام کے مطابق بجلی صارفین کو اگست کے بلوں میں ادائیگیاں کرنا ہوں گی ۔بجلی کی قیمت میں یہ نیا اضافہ جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جون میں پانی، کوئلے سے کم سستی بجلی پیدا کی گئی ۔ چائنا پاور ساہیوال کول پاور پلانٹ کم چلائے گئے۔
نیپرا کے مطابق درآمدی ایل این جی اور مہنگے فرنس آئل سے زیادہ بجلی پیدا کی گئی ۔ جون میں درآمدی ایل این جی سے 10.3 فیصد زیادہ بجلی پیدا کی گئی۔ جون میں میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی سے 95 کروڑ 70 لاکھ روپے کا اضافی بوجھ پڑا ۔
دوسری جانب کراچی والوں کے لئے بھی بجلی مہنگی کردی گئی،کے الیکڑک کے لئے بجلی 2 روپے 31 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی گئی،کراچی کے صارفین پر 4 ارب 30 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا،کراچی کے بجلی صارفین کو اگست میں اضافی ادائیگیاں کرنا ہوں گی،اضافہ جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا،کے الیکڑک کے لائف لائن صارفین پر اسکا اطلاق نہیں ہوگا۔
نیپرا حکام کے مطابق کے الیکڑک نے اپنے وسائل سے 24روپے 90 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی،وفاق سے ملنے والی بجلی کی لاگت 11روپے 56 پیسے فی یونٹ رہی۔
واضح رہے کہ نیپرا نے ایک روز قبل ہی بجلی کی قیمت میں 7.50 روپے فی یونٹ تک اضافے کی حکومتی درخواست منظور کرتے ہوئے فیصلے کے لیے نوٹی فکیشن وفاقی حکومت کو بھجوادیا ہے۔ منظوری کے مطابق بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 3 روپے سے ساڑھے 7 روپے فی یونٹ تک اضافہ ہوگا۔