ایک نیوز: لاہور کے علاقے باٹا پور میں بینک میں ڈیڑھ کروڑ کی واردات کرنے والے زیر حراست 2 ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگئے۔ مقابلہ سی آئی اے سول لائن اور ڈاکوؤں کے درمیان ہوا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں ڈاکو بینک ڈکیتی و راہزنی کی وارداتوں میں مطلوب سابقہ ریکارڈ یافتہ مجرم تھے۔ جس کی شناخت نقیب اللہ اور زینت اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس ٹیم ملزمان کو گرفتار کرکے نشاندہی کے لیے علاقہ تھانہ باٹاپور عابد گارڈن لے جا رہی تھی۔
ڈی ایس پی راشد امین بٹ کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کے دیگر ساتھیوں نے ملزمان کو چھڑوانے کے لیے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ ڈاکوؤں کی اپنی ہی فائرنگ سے ان کے ساتھی ملزم نقیب اللہ،زینت اللہ ہلاک ہوئے۔ ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کی سرکاری گاڑی کو بھی نقصان پہنچا جبکہ پولیس اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
یاد رہے کہ ہلاک ملزمان نے چند ہفتے قبل برکی روڈ پر MCB بینک میں ڈیڑھ کروڑ روپے کی ڈکیتی کی۔ جو کہ پولیس کو مطلوب تھے۔ ملزمان کو ویڈیو میں بھی واضح دیکھا جا سکتا ہے۔ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ جن کی تلاش جاری ہے۔