ایشین گیمز: پاکستان نےمقابلوں کیلئے19کھلاڑیوں کی فہرست تیارکرلی

Jul 26, 2023 | 03:38 AM

ایک نیوز: پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) نے ایشین گیمز میں ٹریک اینڈ فیلڈ کے مقابلوں کیلئے 19 کھلاڑیوں کی فہرست تیار کرلی ہے، فہرست ڈپارٹمنٹس کی مشاورت سے تیار کی گئی ہے، پی او اے تمام پلیئرز کی ایشین گیمز میں شرکت کیلئے پر امید ہے۔ 
ذرائع کے مطابق پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے اولمپک کونسل آف ایشیا (او سی اے) کی جانب سے 15 جولائی کی ڈیڈ لائن تک جن ایتھلیٹس کی ایکریڈیشن کرائی ہے ان میں ٹریک اینڈ فیلڈ کے 19 کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
ان کھلاڑیوں کی فہرست پی او اے نے ڈپارٹمنٹس کی مشاورت سے بنائی ہے، ایتھلیٹس فیڈریشن آف پاکستان ، پی او اے سے معطلی کی وجہ سے اس عمل سے علیحدہ رہی۔ 
ذرائع کے مطابق جیولین تھرو کے کامن ویلتھ گیمز گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا نام فہرست میں شامل ہے تاہم ارشد ندیم کی شرکت ایشین گیمز کے وقت ان کی فٹنس سے مشروط ہوگی۔ 
جیولین تھرو کیلئے محمد یاسر سلطان کا نام بھی 19 کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہے۔ یاسر نے حال ہی میں ایشین ایتھلیٹس چیمپئن شپ میں برانز میڈل جیتا تھا۔ 
ذرائع نے بتایا کہ پول والٹ کے جعفر اشرف، لانگ جمپ کے محمد افضل اور محمد اختر بھی فہرست میں شامل ہیں، ہائی جمپ کے شہروز خان بھی پاکستان ایتھلیٹس اسکواڈ کا حصہ ہیں جبکہ لانگ ڈسٹنس کے فرحت بانو اور سہیل عامر، ہرڈلز کے فرحان الیاس اور غزالہ رمضان ، رنرز وقاص اکبر، ربیلہ فاروق، اسد الرحمٰن اور عابد رزاق کے نام بھی شامل ہیں ۔ 
اسپرنٹرز صاحب اسرا، شجر عباس، عروج کرن، تامیم خان اور گوہر شہباز بھی 19 کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ 
عبدالمعید بلوچ کا نام ایشین گیمز کی فہرست میں شامل نہیں ہے ۔ ذرائع کے مطابق پی او اے کو ان کے ڈپارٹمنٹ سے انٹری موصول نہیں ہوئی تھی ۔ 
ایشین گیمز 23 ستمبر سے چین کے شہر ہینگزو میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے 19 کھلاڑیوں کی ایکریڈیشن کروالی ہے اور وہ تمام کھلاڑیوں کی ایونٹ میں شرکت کیلئے پرامید ہے لیکن اگر پی ایس بی سے فنڈز جاری نہ ہوئے تو فہرست میں کٹوتی ہوسکتی ہے۔

مزیدخبریں