کراچی بندر گاہ پر متحدہ عرب امارات کیساتھ معاہدہ طے پاگیا

Jul 26, 2023 | 00:21 AM

ایک نیوز :پاکستان نے متحدہ عرب امارات کیلئے کراچی بندرگاہ پر ایک بلک اور جنرل کارگو ٹرمینل تیار کرنے کے لیے ایک فریم ورک معاہدے کی منظوری دے دی ۔
گذشتہ ہفتے پاکستان نے متحدہ عرب امارات کی حکومت کے ساتھ فریم ورک معاہدے کے مسودے پر بات چیت کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی جس میں سیکریٹری قانون و انصاف، سیکریٹری میری ٹائم افیئرز اور وزارت خارجہ اور خزانہ کے نمائندے شامل تھے۔
متحدہ عرب امارات کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرنے کا حتمی فیصلہ پیر کو وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے بین الحکومتی تجارتی لین دین کے اجلاس میں کیا گیا۔
وزارت خزانہ نے بیان میں کہا کہ کمیٹی نے وفاقی کابینہ کی توثیق کے لیے فریم ورک معاہدے کے مسودے کی منظوری دے دی، "معاہدے پر متحدہ عرب امارات اور پاکستان کی حکومتوں کے درمیان دستخط ہوں گے۔
اس سے قبل متحدہ عرب امارات کی ابوظہبی پورٹس( جو ایک معروف بندرگاہ آپریٹر ہے) نے گذشتہ ماہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کے ساتھ کراچی میں ایک پورٹ ٹرمینل کو سنبھالنے کے حوالے سے 50 سالہ رعایتی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
اس مشترکہ منصوبے سے پہلے 10 سالوں میں پاکستان میں 220 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔
توقع ہے کہ اس معاہدے سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دوطرفہ تعلقات کو فروغ ملے گا اور اہم ممالک کے ساتھ تجارتی روابط مضبوط ہوں گے، جس سے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اضافہ ہوگا۔

مزیدخبریں