ایک نیوز :چیئرمین تحریک انصاف نے اعجازچودھری کی دوران حراست صحت کو لاحق خطرات پر تشویش کا اظہار کردیا ۔
تفصیلات کےمطابق چیئر مین تحریک انصاف نے کہا کہ اعجاز چودھری سینٹ آف پاکستان کے رکن ہیں، جنہیں محض جھوٹے الزامات کی آڑ میں 78 روز سے قید میں ڈال رکھا ہے،پہلے انہیں اٹھایا گیا، پھر ایم پی او کے تحت اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا، اس کے بعد دہشت گردی کے کئی مقدمات ان کے سر تھونپ دیئے گئے۔
اعجاز چودھری 70 برس کی عمر میں دل، ذیابیطس اور آرتھرائٹس جیسے عارضوں میں مبتلا ہیں، اعجاز چودھری کو اس شدید گرم موسم میں نہایت غیرانسانی اور غیر صحت بخش حالات میں جیل کے سی کلاس حصے میں قید کیا گیا ہے،جہاں ان کی صحت میں پہلے سے بھی سنگین نوعیّت کا بگاڑ پیدا ہوا ہے، دوران قید اعجازچودھری کے گھر میں توڑ پھوڑ کی گئی، ان کے اہلِ خانہ کو اٹھا لیا گیا، انہیں ہراساں کیا گیا اور ان سے مار پیٹ کی گئی، اس ساری وحشت و بربریت کی واحد وجہ یہ ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کرنے سے مسلسل انکاری ہیں۔