(ویب ڈیسک) دعازہرا کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں ہوئی جہاں دعا کے شوہر ظہیر کی جانب سے اس کی بیوی کو عدالت میں پیش کرنے کی درخواست کی گئی۔ جس پر عدالت نے تفتیشی افسر کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے دعا زہرا کو کل عدالت میں پیش کرنے کا حکم دےدیا۔
عدالت نے حکم جاری کیا کہ دعا زہرا چائلڈ پروٹیکشن افسر کے ذریعے عدالت آئے اور اس دوران دعا کو کسی سے ملنے نہ دیا جائے۔ پیشی کے وقت بھی وکلاء کے سوا عدالت میں کوئی نہ ہو۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ چائلڈ پروٹیکشن افسر کسٹڈی ملنے پر 24 گھنٹے کے اندر عدالت میں پیش کرتا ہے لیکن یہاں ایسا نہیں کیا گیا۔ دعا کو پیش کرنے کا مقصد اس کے حقوق کا تحفظ ہے۔