ایک نیوز: عوامی نیشنل پارٹی نے پنجاب میں استحکام پاکستان پارٹی کے امیدواروں کی حمایت کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری امیر بہادر خان نے صدر آئی پی عبدالعلیم خان سے ملاقات کی ، اس موقع پر امیر بہادر خان نے کہا کہ پنجاب بھر میں عبدالعلیم خان اور اُن کے پینل کا بھرپور ساتھ دیں گے۔
ہزارہ ویلفئیر ایسوسی ایشن کے چیئرمین بشیر احمد نے بھی عبدالعلیم خان سے ملاقات میں حمایت کا اعلان کردیا ، تحریک انصاف راوی ٹاؤن کے سابق صدر مبشر لال نے بھی آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان کر تے ہوئے کہا کہ این اے117میں پی ٹی آئی کے تمام کارکن عبدالعلیم خان کی انتخابی مہم چلائیں گے۔
عارف اعوان ایڈووکیٹ، نعیم گورائیہ ایڈووکیٹ کی وکلاء برادری کے ہمراہ عبدالعلیم خان سے ملاقات ہوئی ، این اے117سے وکلاء عبدالعلیم خان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔
اس موقع پر امیدوار قومی اسمبلی عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ میرا منشور عام آدمی کے کام آنا اور بلا تفریق خدمت یقینی بنانا ہے ، شاہدرہ اور مضافاتی علاقوں کو ہر لحاظ سے اپ گریڈ کرنا ہماری اولین ترجیح ہوگی ، عام انتخابات میں اے این پی اور ہزارہ برادری کے ساتھ دینے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔