ایک نیوز: پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث بھارتی حکومت اور ”را“ بے نقاب ہوگیا، آر ایس ایس اور ہندوتوا نظریے کی پیروکار مودی سرکار اور”را“ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں میں مصروف ہے۔
تفصیلات کے مطابق مودی سرکار نے خطے اور بالخصوص پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں اور خطے کے ممالک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی ہے، بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ خفیہ طور پر پاکستان میں دہشت گرد قوتوں اور ٹی ٹی پی کی مالی معاونت کر رہی ہے۔
مارچ 2016 میں بلوچستان سے بھارتی خفیہ جاسوس کلبھوشن یادیو کو دراندازی کی کوشش کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، گزشتہ سال اپریل میں بلوچستان میں ہتھیار ڈالنے والا گلزار امام شنبے بھی بھارتی حکومت اور ”را“ کے ایما پر پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث رہا۔
دسمبر 2023 میں بلوچ نیشنل آرمی کے کمانڈر سرفراز احمد بنگلزئی نے اس بات کا اعتراف کیا کہ بھارت بلوچستان میں خفیہ طور پر دہشت گردانہ کارروائیوں کی حمایت کر رہا ہے۔
گلوبل ٹائمز کے مطابق پاکستان میں انتشار پھیلانے کے لیے بھارت بلوچستان میں ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کو مالی مدد اور اسلحہ فراہم کررہا ہے، پاکستانی سرزمین پر بھارت کی جانب سے کی جانے والی دہشت گردی کے شواہد موجود ہیں اور پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کی ایک طویل تاریخ موجود ہے۔
بین الاقوامی دہشت گردی کا ارتکاب کرنے پر امریکی، کینیڈین اور برطانوی حکومت نے سینئر ”را“ ایجنٹس کو ملک سے نکلنے کا حکم دیا، بھارت خطے میں علاقائی استحکام کو نقصان پہنچانے کے لیے بلوچستان میں مقامی لوگوں کو بغاوت پر اکسا رہا ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے بھارتی جارحیت کا جواب دینے کے لئے ہر وقت کوشاں ہیں۔