ملک کے مختلف علاقوں میں بارش،سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش،سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا
کیپشن: ملک کے مختلف علاقوں میں بارش،سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا

ایک نیوز:وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادل برس پڑے۔ محکمہ موسمیات نے آج سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔

تفصیلات کے مطابق رات گئے ہلکی بارش نے جڑواں شہروں میں سردی کی لہر کو کم کر دیا،مری میں بھی ہلکی بارش نے موسم سہانا کر دیا، کبھی ہلکی کبھی تیز بارش نے شہر کو ٹھنڈا ٹھار کردیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم سرد ہو گا،چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔آئندہ چوبیس گھنٹوں میں بھی تیز ہواوں اور بارش کا امکان ہے ۔
سندھ اور خیبر پختونخوا کے علاقے چترال، دیر، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، کرم ایجنسی، خیبر، مہمند اور وزیرستان سمیت چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

ملک بھر میں کڑاکے کی سردی کے ساتھ پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ میں دھند کا راج برقرار ہے۔

دوسری جانب شدید دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہونے پر موٹر ویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا جس کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق ایم ٹو لاہور سے فاروق آباد، ایم تھری فیض پور سے جڑانوالہ تک ٹریفک کیلئے بند ہے۔

ایم فور فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک بند ہے، شدید دھند کی وجہ سے لاہور سیالکوٹ موٹر وے کو بھی ہر طرح کی ٹریفک کیلئے بند کیا گیا ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ شہری دھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دوران سفر اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں اور فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔