ایک نیوز: سینیٹ کا آج ہونے والا اجلاس ایک مرتبہ پھر ہنگامہ آرائی کی نذر ہوگیا۔ پی ٹی آئی ارکان اور سینیٹر بہرہ مند تنگی کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کے آج کے اجلاس میں ایک مرتبہ پھر سینیٹر بہرہ مند تنگی نے عمران خان پر کھل کر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ عمران کو عمران خان نہیں کہوں گا کیونکہ عمران کو خان کہنا پشتون کی توہین ہے۔
انہوں نے عمران خان کو کٹھ پتلی کہتے ہوئے کہا کہ وہ ووٹوں کے بغیر وزیراعظم بنا۔ اس دوران پی ٹی آئی ارکان احتجاج کرتے رہے۔ اپوزیشن لیڈر اور اراکین نے بہرہ مند تنگی سے الفاظ واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔
بہرہ مند تنگی نے کہا کہ میں نے کچھ غلط نہیں کہا جو واپس ہو، کٹھ پتلی کو کٹھ پتلی ہی کہوں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈر کے مارے زمان پارک میں چھپ کر بیٹھنے والوں کی حقیقت عوام کو بتانا ضروری ہے۔