ایک نیوز: پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید نے عمران خان کے دوبارہ وزیراعظم بننے کی نوید سنادی۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینئر پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ اگرایماندار تھانے دار آجائے تو سارے چور اکٹھے ہوجاتے ہیں۔ یہ عمران خان کو گرانے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ عمران خان جلد وزیراعظم کا حلف اٹھائیں گے لیکن این آر او نہیں دیں گے۔ پی ڈی ایم نے عمران خان سے این آر او مانگا اور حکومت میں آکر خود کو این آراو دیدیا۔ اگر عمران خان نیب قوانین میں ان کی ترامیم مان لیتے تو آج وزیراعظم ہوتے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا اقتدار کوئی چیز نہیں، قوم کے ساتھ ناانصافی نہیں کرسکتا۔ قانون سب کیلئے برابر ہونا چاہیے۔ اداروں کیخلاف انہوں نے کیا کیا بیانات نہیں دیے۔ فواد چودھری نے جو کچھ کہا وہ ایک فیصد بھی نہیں جو پی ڈی ایم کے لوگ کہہ چکے ہیں۔
انہوں نے سوال کیا کہ کل فواد چودھری کو ہتھکڑی لگا کر چہرے پر کپڑا ڈال کر لایا گیا، کیا وہ دہشتگرد ہے؟ آپ لوگوں نے باریاں لگائی ہوئی ہیں، آپ لوگوں کو طاقت کے نشے نے تباہ کردیا ہے۔