ایک نیوز: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور چودھری پرویز الہی کی ملاقات کی اندرونی کہانی منظرعام پر آگئی جس میں چودھری پرویز الہیٰ نےعمران خان سے گلے شکوے بھی کیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰٰی کی ملاقات ہوئی۔
ذرائع کے مطابق چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ آپ سے درخواست کی تھی کہ اسمبلیاں تحلیل نہ کریں،حکومت ہمارے خلاف کاروائیاں کرے گی،صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد آپ سے قومی اسمبلی میں موجود رہنے کی گزارش بھی کی تھی،ہم نے اسمبلیاں تحلیل اور قومی اسمبلی سے نکل کر اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماری ہے،اب یہ فواد چودھری کے بعد مجھے اور آپ کو بھی گرفتار کریں گے،میں شریفوں کو اچھی طرح جانتا ہوں، فواد چودھری کی گرفتاری کے بعد ان کا ایجنڈا واضح ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ اسمبلیوں کی تحلیل اور قومی اسمبلی سے نکلنے کا مقصد حکومت اور اسٹیبلشمنٹ پر دباؤ بڑھانا تھا،مجھے امید تھی کہ اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد دباؤ بڑھانے میں پی ٹی آئی کارکن بھی بڑی تعداد میں باہر نکلیں گے،ہم لوگوں کو اچھی طرح قائل نہ کر سکے جس کی وجہ سے موثر احتجاج نہ ہو سکا،سیاست میں اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے آپ ہمارے ساتھ کھڑے رہیں،مجھے گرفتار کیا گیا تو صرف پاکستان نہیں پوری دنیا سے ردعمل آئے گا،گرفتاری کے لیے ذہنی طور پر تیار ہوں لیکن مجھے امید نہیں کہ یہ گرفتار کریں۔