ایک نیوز: وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ بھارت دنیا کے سامنے جمہوری اور سیکولر ملک ہونے کا دعویٰ کرتا ہے مگر وہاں اقلیتیں محفوظ نہیں ہیں ،بھارت کا نام نہاد یوم جمہوریہ ہمارے لیے یوم سیاہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں مقیم کشمیری اور پاکستانی آج کا دن یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں، بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ کے موقع پر اپنے بیان میں وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے مسلمانوں نے ہر وہ قربانی دی جس کی مثال نہیں ملتی ، تحریک آزادی کشمیر کیلئے کشمیریوں نے اپنی تیسری نسل قربان کر دی ہے ، بھارت اقوام متحدہ میں کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کے اپنے ہی وعدے سے مکر رہا ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیر کسی صورت بھارت کا حصہ نہیں اور نہ کبھی بن سکتا ہے، کشمیری خود کو پاکستانی سمجھتے ہیں اور تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ہندوستان کا مکروہ اور انسانیت کا قاتل چہرہ دنیا کے سامنے بری طرح بے نقاب ہوا ہے ، بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبصہ کر رکھا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمہوری اور سیکولر ملک کا دعویٰ کرنے والا ہندوستان دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کا سب سے بڑا فراڈ ہے، بھارت نے کشمیری ماؤں، بہنوں ، بزرگوں اور بچوں پر انسانیت سوز ظلم کیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کاکہنا تھا کہ ہندوستان خود کو جمہوری ملک کہلوانے کے لائق نہیں، سات دہائیوں سے ہندوستان نے اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے، مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے علاوہ بھارت کی کئی ریاستوں میں لوگ بھارت سے آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، ہندوستان میں اقلیتوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔
دوسری جانب حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ جھوٹے دعوؤں کے ساتھ بھارت پھر یوم جمہوریہ منا رہا ہے، جمہوریت کا جھوٹا لبادہ اوڑھے بھارت کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہے۔
بھارتی یوم جمہوریہ پر اپنے پیغام میں مشعال حسین ملک کا کہنا تھا کہ کشمیر 75 سال سے خون میں ڈوبا ہے، عزتیں غیر محفوظ، بچے لاوارث ہو چکے ہیں، بھارتی حکومت نے سیاسی جہدوجہد پر کشمیری رہنماؤں پر جھوٹے مقدمات بنا رکھے ہیں۔
مشعال ملک نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر بھارتی فوج کی کالونی بن چکا ہے، کشمیریوں پر پچاس لاکھ ہندوؤں کو بھی مسلط کر دیا گیا، دنیا بھارتی نام نہاد جمہوریت کی پٹی اپنی آنکھوں سے ہٹائے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم جبر دیکھے۔