ایک نیوز: یواےای کے صدر نے پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا عندیہ دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدرمحمد بن زید النہیان نے وزیر اعظم شہباز شریف کو پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی ہے۔
دونوں رہنماؤں کی ملاقات رحیم یار خان میں ہوئی جہاں یو اے ای کے صدر اپنے اہلخانہ کے ہمراہ ایک روزہ دورے پر پنجاب کے شہر رحیم یار خان پہنچے تھے۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدرمحمد بن زید النہیان کی رحیم یار خان میں انتہائی پرتپاک اور برادرانہ ماحول میں ملاقات ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ یو اے ای کے صدر محمد بن زید النہیان وزیراعظم کا ہاتھ تھام کر اپنے جہاز میں لے گئے اور اہل خانہ سے ملاقات کرائی جبکہ شہباز شریف نے یو اے ای کے صدر کے بچوں سے عربی اور انگریزی میں گفتگو کی۔
ذرئع کے مطابق صدر یو اے ای نے رحیم یار خان آنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ علاوہ ازیں صدر یو اے ای نے وزیراعظم شہباز شریف کو پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرنے کا بھی عندیہ دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ محمد بن زید النہیان نے شہباز شریف کو کہا کہ آپ تیاری کریں، یو اے ای پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرے گا۔