ایک نیوز: پاکستان اورازبکستان کے مابین مفاہمی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب ہوئی۔
وزیراعظم شہبازشریف اور ازبکستان کے صدر تقریب میں شریک ہوئے، پاکستان اور ازبکستان کے درمیان معلومات کے تبادلے کی مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ کیا گیا، تاشقند اور لاہور کے درمیان ایم او یو کا تبادلہ، پاکستان اور ازبکستان کے درمیان نوجوانوں کے امور سے متعلق ایم او یو کا تبادلہ ہوا۔
پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سفارتی پاسپورٹس سے متعلق مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ ، پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ ، پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مشترکہ اعلامیے پر دستخط ہوئے۔
وزیراعظم شہبازشریف اور ازبکستان کے صدر نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کئے ،دونوں رہنماؤں نے دستخط شدہ مشترکہ اعلامیے کا تبادلہ کیا ،وزیراعظم شہبازشریف اور صدر ازبکستان شوکت میرضیایوف کی مشترکہ پریس کانفرنس ہوئی۔
پریس کانفرنس میں صدر ازبکستان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف کو خوش آمدید کہتے ہیں،دونوں ملکوں کے درمیان مفید گفتگو ہوئی،روشن مستقبل کیلئے دونوں ملکوں کی گفتگو اور معاہدے بہت اہم ہیں، درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اور مواقع سے فائدہ اٹھایا جائیگا،خوشحال مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔
صدر ازبکستان نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں وقت گزرنے کیساتھ اضافہ ہورہا ہے،تاشقند اور لاہور کے درمیان باقاعدہ پروازیں دونوں ملکوں کیلئے فائدہ مند ہیں، پاکستان کی ممتاز کاروباری کمپنیاں دورہ تاشقند پر ہیں،دونوں ملکوں کے درمیان تزویراتی تعلقات کے نئے باب کا آغاز ہورہا ہے۔
صدر نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری و تجارت کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو ہورہی ہے،دونوں ملکوں نے مفاہمی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کئے ہیں،دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم 2ارب ڈالر تک بڑھایا جائے گا، علاقائی و عالمی فورمز پر ایک دوسرے سے تعاون جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دورہ ازبکستان کے دوران بہترین میزبانی پر مشکور ہوں، پاکستان ازبکستان کیساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ سے دوطرفہ تعلقات مضبوط ہونگے، پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات کی طویل تاریخ ہے،دونوں ملکوں کے تعلقات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری اور تجارت میں اضافہ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے، پاکستان کا قابل اعتماد شراکت دار ہے،دونوں ملکوں کی خوشحالی اور ترقی ہمارا مشترکہ عزم ہے،ہم نے ظہیر الدین بابر اور امیر تیمور جیسے عظیم لوگوں کی تاریخ پڑھی ہے،صدر ازبکستان عملی اقدام پر یقین رکھتے ہیں، صدر میرضیایوف نے ازبکستان کو ترقی کی نئی بلندیوں پر پہنچایا،میں پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے پرعزم ہوں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ نوازشریف کے دیئے ہوئے ترقی کے ویژن پر گامزن ہوں، محنت اور پختہ عزم سے ہی ترقی کا سفر طے کیا جاسکتا ہے،اپنی ٹیم کے ہمراہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائینگے،طویل ترین سفر کا آغاز پہلے قدم سے ہوتا ہے جو ہم نے اٹھا لیا، ایک سال میں پاکستان کی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا۔
شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح 38سے 2.4 فیصد پر لے آئے ہیں، پالیسی ریٹ میں کمی سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا،معاشی شرح نمو میں اضافہ ہورہا ہے، ازبکستان کے ترقیاتی ماڈل سے مستفید ہوں گے، پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرے گا،ریلوے کے ذریعے تجارت اہمیت کی حامل ہے،معدنیات کے شعبے میں بھی تفصیلی بات چیت ہوئی،اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کو ممکن بنائیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیاحت کے شعبے میں بھی مل کر کام کریں گے،دونوں ملکوں کے عوام کو ایک دوسرے کی تاریخ سے مستفید ہونے کا موقع ملے گا، ازبکستان کو کراچی اور لاہور سے منسلک کریں گے ، شاہراہ ریشم سے شروع ہونیوالے تعلقات کو بلندیوں تک لیکر جائینگے،مفاہمتی یادداشتیں اور معاہدے جلد حقیقت کا روپ دھارلیں گے،علاقائی امن و استحکام ہم سب کے مفاد میں ہے، افغان عبوری حکومت اپنی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال ہونے سے روکے۔
شہباز شریف نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام خطے کے مفاد میں ہے،آج ہم نے مشترکہ خوشحالی اور ترقی پر تفصیلی گفتگو کی، ازبکستان کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کے دورے کی دعوت دیتا ہوں ، غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت جاری رکھے گا،تنازع فلسطین کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد میں ہے۔
پاکستان اورازبکستان کے مابین مفاہمی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط
Feb 26, 2025 | 14:26 PM