مریم نواز پہلی خاتون وزیراعلیٰ پنجاب منتخب 

مریم نواز پہلی خاتون وزیراعلیٰ پنجاب منتخب 
کیپشن: مریم نواز پہلی خاتون وزیراعلیٰ پنجاب منتخب 

ایک نیوز:مریم نواز220ووٹ لےکرپہلی خاتون وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوگئیں۔

تفصیلات کےمطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج نو منتخب اسپیکر ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت ہو رہا ہے۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے اپوزیشن نے شور شرابا شروع کرتے ہوئے اجلاس سے واک آؤٹ کیا اورووٹنگ کےعمل کامکمل بائیکاٹ کردیا۔ووٹوں کی گنتی کے بعد سپیکر پنجاب اسمبلی نے اعلان کیا کہ مریم نواز نے 220 ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ ان کے مدمقابل امیدوار آفتاب احمد خان نے صفر ووٹ حاصل کیے ہیں۔سپیکر نے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلی پنجاب کے رولز آف پرویسجر کے مطابق مریم نواز کو وزیراعلٰی قرار دیا جاتا ہے۔

قبل ازیں پنجاب اسمبلی آمد سے قبل مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے جاتی امرا میں دادا، دادی اور والدہ کی قبروں پر حاضری دی اور پھر اسمبلی کے لیے روانہ ہوئیں۔دوسری جانب سنی اتحاد کونسل  کے رہنما رانا آفتاب نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ  اب بھی آمریت کا تسلسل جاری ہے، عوام نے ہمارے حق میں فیصلہ دیا ہے، سیاسی انتقام کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے، ہاؤس مکمل ہی نہیں تو پراسس کیسے چلے گا؟رانا آفتاب نے دعویٰ کیا کہ اگر ووٹنگ ہو گی تو میں وزیراعلیٰ بنوں گا، اگر آج خفیہ رائے شماری ہوتی تو سب آپ کے سامنے آجاتا۔

دریں اثنا صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے  مریم نواز کو وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ  امید ہے مریم نواز ملک کے سب سے بڑے صوبے کو بہتر انداز میں چلائیں گی، استحکام پاکستان پارٹی وفاق اور پنجاب میں حکومت کا غیر مشروط ساتھ دے گی،پنجاب کے عوام کو درپیش مسائل کا حل اولین ترجیح ہونا چاہیے۔