ایک نیوز :خیبرپختونخوا کی نگران حکومت نے تحریک انصاف کےدور حکومت کے میگا پروجیکٹس کی تحقیقات کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کےمطابق نگران وزیرٹرانسپورٹ خیبر پختونخوا شاہد خٹک نے کہا کہ وزیراعلیٰ سمیت پوری نگران کابینہ نے میگا پروجیکٹس کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ کابینہ اجلاس میں پی ٹی آئی کے میگاپروجیکٹس سے متعلق گفتگو ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ مالم جبہ، بلین ٹری، بی آر ٹی، پشاور بیوٹیفیکیشن اسکیم سمیت دیگر پروجیکٹس کی تحقیقات ہونگی، ان میگا پروجیکٹس میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی ہے۔
نگراں وزیر کا کہنا تھاکہ سابق وزرائے اعلیٰ پرویز خٹک، محمود خان اورسابق وزرا نے ان پروجیکٹس میں کرپشن کی، ان پروجیکٹس کی تحقیقات سے متعلق مختلف اداروں سے بات چیت ہوگی۔شاہد خٹک نے الزام لگایا کہ سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے میگا پروجیکٹس میں رشتہ داروں کو بھی نوازا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق صوبائی وزیر تیمور جھگڑا نے ردعمل میں کہا ہے کہ نگران وزیر پی ٹی آئی کے تمام رہنماؤں کو کرپشن کے الزام میں سزا سنانا چاہتے ہیں؟