ایک نیوز:آسٹریلین ویمن ٹیم نے جنوبی افریقا کو شکست دیکر چھٹی بار ٹی20 ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
جنوبی افریقا کے شہر کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے بیتھ مونی 74 اور ایشلیگ گارڈنر 29 رنز بنا کر نمایاں رہیں جبکہ جنوبی افریقا کی جانب سے شبنم اسماعیل اور مریزانے کیپ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
157 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پروٹیز ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنا سکی اور اس طرح آسٹریلیا نے میچ 19 رنز سے جیت کر چھٹی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا تاج اپنے سر سجا لیا۔
جنوبی افریقا کی جانب سے لورا والورٹ 61 اور چولی ٹرایون 25 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔
آسٹریلیا کی بیتھ مونی کو میچ کی بہترین کھلاڑی جبکہ آسٹریلیا کی ایشلیگ گارڈنر کو ٹورنامنٹ کی بہترین قرار دیا گیا۔