پی سی بی اور پنجاب حکومت کے درمیان اخراجات کی ادائیگی پر ڈیڈ لاک برقرار

Feb 26, 2023 | 13:40 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز:  پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) اور پنجاب حکومت کے درمیان اخراجات کی ادائیگی پر ڈیڈ لاک برقرارہے۔ پی سی بی نے پنجاب حکومت کی 50 کے بجائے 25 کروڑ دینے کی آفر قبول نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ دوسری جانب ایل ڈبلیو ایم سی نے بھی پی سی بی سے صفائی کے واجبات مانگ لئے۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 8 کے لاہور میں ہونے والے میچز کا معاملہ کھٹائی میں پڑنے لگا، پی سی بی نے پنجاب حکومت کی 50 کے بجائے 25 کروڑ دینے کی آفر قبول نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کوئی مزید رقم نہ دینے کے فیصلہ پر قائم ہے۔ پی سی بی نے اب نظریں پیٹرن انچیف وزیراعظم شہباز شریف پر لگا لیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ لاہور سے میچ منتقل کرنے کے فیصلہ سے قبل وزیر اعظم سے ہدایات لے گا۔ پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ دو میچز کھیلنے کے دوران کسی حتمی فیصلہ پر پہنچ جائیں گے۔

دوسری جانب ایل ڈبلیو ایم سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے صفائی کے واجبات مانگ لئے۔ صفائی سروسز کے بقایا جات کی وصولی کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی نے چیئرمین پی سی بی کو خط لکھ دیا۔خط میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پی سی بی 2017 سے اب تک قذافی اسٹیڈیم میں کھیلی جانے والی سیریز کے واجبات کی ادائیگی میں ناکام رہا۔ پی سی بی کے ذمے مجموعی طور پر ایل ڈبلیو ایم سی کے4  کروڑ 83 لاکھ روپے واجب الادا ہیں۔

مزیدخبریں