پی ایس ایل 8 کے سکیورٹی اخراجات، نجم سیٹھی کے رابطے پر وزیراعظم کی مکمل تعاون کی یقین دہانی

پی ایس ایل 8 کے سکیورٹی اخراجات، نجم سیٹھی کے رابطے پر وزیراعظم کی مکمل تعاون کی یقین دہانی
کیپشن: نجم سیٹھی کا شہبازشریف سےٹیلیفونک رابطہ،مکمل تعاون کی یقین دہانی

ایک نیوز: وزیر اعظم شہباز شریف سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ منیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی سکیورٹی کے معاملے پر رابطہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نجم سیٹھی نے وزیر اعظم کو سکیورٹی اخراجات کےمعاملے پرتفصیلی آگاہ کیا۔ٹیلیفونک رابطے میں وزیراعظم کی جانب سے نجم سیٹھی کو مکمل تعاون اور مدد کی یقین دہانی کرائی گئی۔

ذرائع کے مطابق نجم سیٹھی نے شہباز شریف سے سکیورٹی کی مد میں پیسےنہ دینےکا کہا۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل قومی ایونٹ ہے، اس کا انعقاد قومی اداروں کی ذمہ داری ہے، پیسوں کے مطالبے سے دستبردار نہ ہوئے تو  میچز کراچی میں کرانے پر مجبور ہوں گے۔

معاملے کا پس منظر:
پی ایس ایل 8 کے پہلے مرحلے میں ملتان اور کراچی میں میچز ہوئے جب کہ دوسرے مرحلے میں لاہور اور راولپنڈی میں میچز ہونے ہیں۔

نگراں پنجاب حکومت نے ملتان ، لاہور اور راولپنڈی میں پی ایس ایل 8 کے میچز کے لئے مختلف مدات میں 50 کروڑ روپے مانگے تھے۔ جن میں سے 5 کروڑ روپے پی سی بی نے ادا کردیئے۔

پی سی بی کا موقف ہے کہ کراچی میں میچز پر اٹھے والے اخراجات سندھ حکومت ادا کرتی ہے، سندھ حکومت نے اب تک پی سی بی سے کچھ بھی نہیں مانگا تو پنجاب حکومت بھی رقم کا تقاضا نہ کرے۔ بصورت دیگر پی ایس ایل 8 کے میچز کو کراچی منتقل کردیا جائے گا۔

گزشتہ روز نگراں پنجاب حکومت کی کابینہ کا اجلاس ہوا تھا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ 50 کروڑ روپے میں سے 25 کروڑ روپے پی سی بی ادا کرے لیکن پی سی بی نے یہ پیشکش ماننے سے بھی انکار کردیا ہے۔