ایک نیوز: پشاور میں ڈاکوؤں نے دکان میں لوٹ مار کے دوران 25 تولے سونا اور 30 لاکھ روپے نقدی اڑا لی۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے باڑہ بازار میں ڈاکو موٹر سائیکل پر سوار ہو کر آئے اور جیولر کی دکان سے 25 تولے سونا لوٹ لیا، ڈاکوؤں نے اسی پر بس نہیں کیا اور جاتے ہوئے 30 لاکھ نقدی بھی اڑا لی۔
ملزمان واردات کے بعد فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ باڑہ مارکیٹ کے جیولر دکانداروں نے ڈاکے کے خلاف شدید احتجاج کیا اور ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی غربی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں مسلح ملزمان نے ہیئر ڈریسر شاپ پر موجود شہریوں سے10 موبائل فون اور 9 ہزار روپے لوٹ لیے تھے۔ پولیس کے مطابق واردات اورنگی ٹاؤن قذافی چوک پر ہیئرڈریسر شاپ میں ہوئی تھی، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 3 کم عمر مسلح ملزمان دکان میں داخل ہوکر وہاں بال کٹوانے میں مصروف شہریوں کو یرغمال بنا لیتے تھے۔