ایک نیوز: راجن پور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193 کے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف نے بھاری مارجن سے میدان مار لیا، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے امیداروں کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
حلقے کے تمام 237 پولنگ اسٹیشن کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے محمد محسن لغاری 90392 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے جبکہ مسلم ليگ ن کے عمار احمد خان لغاری 55218 ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہے۔ پیپلز پارٹی کے اختر حسن گورچانی 20074 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر آئے ہیں۔
الیکشن میں جیت پر محسن لغاری نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں اپنے حلقے کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا یقیناً ووٹ عمران خان کا ہے اور اسے اب کوئی نہیں روک سکتا۔
ضمنی انتخابات جیتنے کی خوشی میں راجن پور میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جشن منایا گیا۔پی ٹی آئی کی کامیابی پر کارکنوں نے مٹھائی تقسیم کی۔ کئی مقامات پر آتش بازی کی گئی اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے گئے، اس کامیابی کو کارکنوں نے عمران خان کے موقف کی جیت قرار دیا۔
میں حلقے کے تمام ووٹرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی وجہ سے میری جیت ممکن ہوئی یقیناً ووٹ عمران خان کا ہے اور اسے اب کوئی روک نہیں سکتا
— Sardar Mohsin Leghari (@SMohsinLeghari) February 26, 2023
خیال رہے کہ این اے 193 کی نشست پی ٹی آئی کے ایم این اے سردار جعفر لغاری کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق حلقہ این اے 193 میں ضمنی انتخاب کیلئے صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہا۔ 3 لاکھ 79 ہزار 204 ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقے میں ووٹنگ کیلئے 237 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے جن میں سے 68 کو حساس قرار دیا گیا۔کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے 2 ہزار 650 پولیس اہلکار تعینات ہوئے ۔رینجرز اور آرمی کے جوان بھی گشت کرتے رہے۔
واضح رہے کہ راجن پور کے حلقہ این اے 193 کی نشست پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سردار جعفر لغاری کے انتقال پر خالی ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت نے این اے 193 کا ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔