بانی پی ٹی آئی نے کہا جیل میں رکھنا ہے تو رکھیں ، نظر بند نہیں ہوں گا،علیمہ خان  

بانی پی ٹی آئی نے کہا جیل میں رکھنا ہے تو رکھیں ، نظر بند نہیں ہوں گا،علیمہ خان  
کیپشن: Founder of PTI said if you want to keep him in jail then keep him, I will not be detained, Aleema Khan

ایک نیوز:  بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان  کا کہنا ہے عمران خان نے کہا ہے مجھے جیل میں رکھنا ہے تو رکھیں نظر بند نہیں ہونا چاہتا۔ 
تفصیلات کے مطابق علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی  آئی نے 22 دسمبر کو تارکین وطن کو کال دی کہ ترسیلات زر پاکستان نہ بھیجیں، جو بیرون ملک مقیم پاکستانی ترسیلات زر بھیجتے ہیں انہی کے ساتھ زیادتی کی جا رہی ہے۔
 انہوں نے کہا کہ  بانی پی ٹی آئی  نے کہا حکومت دو مطالبات مان لیتی ہے تو کال واپس لے لیں گے، پہلا مطالبہ یہ ہے کہ حکومت 26 نومبر اور 9 مئی کی تحقیقات کیلئے  کمیشن بنائے، جبکہ ہمارا دوسرا مطالبہ یہ ہے کہ ہمارے جو لوگ ناجائز قید ہیں انہیں رہا کیا جائے۔
علیمہ خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے مجھے جیل میں رکھنا چاہتے ہیں تو رکھیں، نظر بند نہیں ہوں گا،  اپنے تمام مقدمات میرٹ پر نکالوں گا اور ہاؤس اریسٹ پر نہیں ہوں گا۔
علیمہ خان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان کا امن افغانستان کے ساتھ جڑا ہوا ہے، اگر سرحدوں پر ایسا کچھ ہوا تو اس سے پاکستان کا امن متاثر ہوگا۔
عمران خان نے علیمہ خان کو مزید کہا کہ اگر ایسے حالات رہے تو پاکستان کی معیشت کو مزید نقصان اٹھانا پڑے گا، بانی پی ٹی  آئی نے کہا پاکستان کو معاشی استحکام اور امن کی ضرورت ہے، اگر ہمارے ادارے سیاست میں لگے رہے تو ہماری سرحدوں کی حفاظت کون کرے گا۔