حکومت نے الیکشن کمیشن سے آئی جی اور ڈی سی سے متعلق فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کردیا

حکومت نے الیکشن کمیشن سے آئی جی اور ڈی سی سے متعلق فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کردیا
کیپشن: The government has asked the Election Commission to review the decision regarding IG and DC

ایک نیوز: اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے آئی جی اور ڈی سی اسلام آباد سے متعلق فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کردیا۔

نگراں وزیراعظم کے سابق مشیر احد خان چیمہ کوعہدے سے ہٹائے جانے کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے سماعت کی، اس موقع پر سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن پیش ہوئے۔

سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ انعام اللہ نے کہا کہ احد چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹی فیکشن رات کو جاری کردیا تھا، اس پر چیف الیکشن کمشنر نے پوچھا کہ یعنی احد چیمہ کو عہدے سے ہٹانے پرعمل درآمد ہوگیا۔

سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ نے جواب دیا کہ آئی جی اور ڈی سی کے معاملے کی پیشرفت ہے، وزارت داخلہ نے آئی بی کی رپورٹ جاری کی، اسلام آباد میں امن و امان کے حوالے سے بھی رپورٹ ہے۔

انعام اللہ کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ نے کہا ان دونوں افسران کو برقرار رکھا جائے، وزیراعظم نے دونوں افسران کے متبادل کے لیے ہدایت دیں، لہٰذا الیکشن کمیشن ان دونوں افسران سے متعلق فیصلے پر نظرثانی کرے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ وزارت داخلہ کی رپورٹ کو ہم دیکھ لیں گے، آپ کل تک دونوں عہدوں کے لیے پینل دیکھیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی ہدایت پر آئی جی اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ہٹانے کے لیے بھی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔

گزشتہ روز وزیراعظم آفس نے ڈی سی اور آئی جی اسلام آباد کو تبدیل کرنے کے لیے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے افسروں کے نام مانگ لیے ہیں اور سیکرٹری ٹو پرائم منسٹر خرم آغا نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو مراسلہ بھیج دیا۔