ایک نیوز: اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز 8 کارروائیوں میں 1 ٹن 903 کلو گرام سے زائد منشیات برآمد کرکے 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
علامہ اقبال ایئرپورٹ پر بذریعہ پرواز نمبر PA-470 جدہ جانے والے مسافر سے 3 کلو آئس برآمد کرلی گئی۔ جناح ایئرپورٹ پر بذریعہ پرواز نمبر TG-342 بنکاک جانے والے دو مسافروں سے 1 کلو ہیروئن برآمد کرلی گئی۔
علامہ اقبال ایئرپورٹ لاہور پر مسافر کے پیٹ سے 52 آئس بھرے کیپسولز برآمد کرلیے گئے۔ملزم پرواز نمبر QR-629 کے ذریعے دوحہ کے لئے روانہ ہو رہا تھا۔
باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر کے پیٹ سے 24 آئس بھرے کیپسولز برآمد کرلیے گئے۔ ملزم پرواز نمبر ER-751 کے ذریعے شارجہ کے لیے روانہ ہو رہا تھا۔
پشین میں مکان سے 1500 کلو چرس اور 200 کلو ہیروئن برآمد کی گئی ہے۔ فیروز والا سٹاپ لاہور کے قریب لاوارث گاڑی سے 120 کلو چرس اور 9.6 کلو افیون برآمد کی گئی ہے۔
راوی موٹروے ٹول پلازہ لاہور کے قریب گاڑی سے 33.6 کلو چرس اور 26 کلو افیون برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ خیبر کے علاقے زخہ خیل سے 10 کلوگرام چرس برآمد کی گئی ہے۔
گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔