نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج کا ظلم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں

نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج کا ظلم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں
کیپشن: Indian army's brutality and serious violations of human rights on innocent Kashmiris

ایک نیوز: نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج کا غیر انسانی ظلم وستم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ ہندوستانی فوج انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں سب پر بازی لے گئی۔ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے فیصلے کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی نو لاکھ فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالی عروج پر پہنچ چکی ہے۔ 

ہندوستانی فوج راجوری سیکٹر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی مرتکب ہوئی۔ جموں و کشمیر کے پونچھ راجوری سیکٹر سے حراست میں لئے جانے والے کشمیریوں کو ہندوستانی فوج نے بےدردی سے قتل کر دیا۔ 

مودی سرکار نے اوچھے ہتھکنڈوں کا استعمال کرتے ہوئے اس بے رحم قتلِ عام پر پردہ ڈالنے کے لیے اپنے افسران کو انکے عہدوں سے ہٹانے کا ڈرامہ رچایا۔ جموں و کشمیر کے پونچھ راجوری سیکٹر میں تعینات بھارتی فوج کے بریگیڈیئر پی اچاریہ، کرنل اور لیفٹیننٹ کرنل کو انکے عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔ 

بریگیڈیئر پی اچاریہ راجوری میں راشٹریہ رائفلز کے ایک سیکٹر کمانڈر تھے۔ تینوں بھارتی افسران کو ہٹانے کا فیصلہ زیر حراست تین کشمیریوں پر تھرڈ ڈگری ٹارچر کی ویڈیوز آرمی کیمپ سے لیک ہونے پر کیا گیا۔ ان ویڈیوز کو دنیا بھر میں پھیلنے سے بچنے کی مد میں مودی سرکار نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انٹرنیٹ کو منقطع کردیا۔ 

بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی مودی سرکار کے پروپیگنڈے کے تحت اس خبر کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے لگے۔ بھارتی فوج کے نہتے کشمیریوں پر کیے جانے والے تھرڈ ڈگری ٹارچر کی ویڈیوز سے مودی سرکار کا دنیا کے سامنے اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا۔ 

21 دسمبر کو حریت پسندوں نے سورنکوٹ میں بھارتی فوج کی دو گاڑیوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں بھارتی قابض فوج کے 4 جوان ہلاک اور 3 زخمی ہوئے۔ جوابی کارروائی میں بھارتی سیکورٹی فورسز نے پونچھ اور راجوری کی معصوم عوام پر ظلم وبربریت کا دھاوا بول دیا۔ 

بھارتی سیکیورٹی فورسز نے تقریباً 80 سے زائد معصوم کشمیروں کو قید کر لیا اور تفتیش کی آڑ میں تھرڈ ڈگری غیر انسانی ٹارچر کا نشانہ بنایا۔ جسکے نتیجے میں اب تک 4 اموات ہو چکی ہیں۔ بھارتی پولیس کے عتاب کا نشانہ بننے والے شہری پونچھ کے ٹوپا پیر گاؤں کے رہائشی تھے۔ 

راجوری سیکٹر میں کشمیری عوام کے بھارتی سیکورٹی فورسز کی اس بربریت کے خلاف شدید مذمتی مظاہرے جاری ہیں۔ یہ بدقسمتی کی بات تھی کہ دورانِ تفتیش بھارتی فوج کی حراست میں مظلوم کشمیری ہلاک ہو گئے۔ جو آپ وائرل ویڈیوز میں دیکھ سکتے ہیں۔ بھارتی فوج اپنی ناکامیاں چھپانے کے لیے معصوم کشمیریوں کو شہید کر رہی ہے۔