ایک نیوز نیوز :ٹویوٹا کے بعد سوزوکی نے بھی پاکستان میں اپنا پلانٹ عارضی طور پر بندکردیا ۔
تفصیلات کےمطابق پاکستان میں موٹر گاڑیوں کی سب بڑی کمپنی پاک سوزوکی نےپاکستان میں گاڑیوں کی تیاری کا سلسلہ روک دیا ہے ۔پاک سوزوکی سب سے زیادہ موٹر کار تیار اور فروخت ہونے والی کمپنی ہے۔
کمپنی کے بیان کے مطابق پیداواری پلانٹ 2 جنوری بروز پیر سے 6 جنوری بروز جمعہ تک بند رہے گا۔ تاہم یکم جنوری کو اتوار جب کہ 7 اور 8 جنوری کو ہفتہ وار تعطیلات کے باعث پلانٹ کو غیر اعلانیہ طور پر 8 دن کے لئے بند کیا گیا ہے۔
پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ درآمدی پابندیوں کی وجہ سے پاک سوزوکی کے لیے یہ بہت نازک وقت ہے، مستقبل کے حوالے سے بھی غیر یقینی صورت حال کی وجہ سے یہ بھی علم نہیں یہ پابندیاں مزید کتنے عرصے تک جاری رہیں گی۔
کمپنی نے مزید کہا ہے کہ ڈیمریجز اور کیبور کی بلند ترین سطح ہماری صنعت کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ہمارے ڈیلرز اور وینڈرز بھی بالترتیب فروخت اور پیداوار نہ ہونے کی وجہ سے بہت پریشان ہیں۔ حکومت پاکستان سے درخواست ہے کہ اس معاملے کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے اس صنعت کے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ گفت و شنید کریں۔پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ سے قبل ٹویوٹا انڈس موٹر کمپنی لمیٹڈ 30 دسمبر تک اپنا پروڈکشن پلانٹ مکمل طور پر بند کرچکی ہے۔