عمر اکمل نے بابر اعظم سے بڑی درخواست کر دی

Dec 26, 2022 | 13:48 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز نیوز: قومی کرکٹر عمر اکمل کا کہنا ہے کہ بابر اعظم  کو کبھی نہیں کہا کہ مجھے ٹیم میں شامل کریں لیکن ان سے درخواست ہے کہ میرے لیے بات کریں۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے عمر اکمل سے آصف علی اور خوشدل شاہ کو زیادہ اور انہیں کم چانس دیے جانے سے متعلق سوال کیا گیا جس پرعمر اکمل کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف مجھے کم بیک سیریز کروائی گئی تھی جس میں، میں پہلی گیند پر ہی آؤٹ ہوگیا اگر اس مرتبہ میں سیٹ ہوکر آؤٹ ہوتا تو بات بھی نہ کرتا۔ میں نے 3 بار کم بیک کیا لیکن تینوں ہی مرتبہ مجھے نہیں پتا تھا کہ میں کیوں ڈراپ ہوا تھا؟  میں نہیں جانتا کہ مجھے فرسٹ کلاس کرکٹ کیوں نہیں دی جاتی؟  میں بورڈ سے صرف اپنی فرسٹ کلاس کرکٹ مانگ رہا ہوں کیوں کہ اگر میں نے فرسٹ کلاس میں پرفارم کرلیا تو آگے کے دروازے بھی میرے لیے کھل جائیں گے۔

بابر اعظم سے ٹیم میں شامل  کرنے سے متعلق  سوال کیے جانے پر عمر اکمل نے کہا کہ بابر بیک ٹو بیک سیریز کھیل رہا ہے اور مجھے پتا ہے کہ اسے ان باتوں کا علم ہے۔  اگر میں نے بابر سے کہا اور اس نے مجھے کہا کہ یہ چیف سلیکٹر کا کام ہے تو میں ہرٹ ہوجاؤں گا کیوں کہ وہ چھوٹا ہے۔ میں نے اس حوالے سے کبھی بابر سے بات نہیں کی نا ہی رابطہ کیا  لیکن  بابر اب اتنا سینئر ہے کہ اس کی بات کرکٹ بورڈ میں سنی جاتی ہے۔  میری درخواست ہے بابر میرے لیے سلیکٹرز سے یا سینٹرل پنجاب کے کوچ سے بات کرے۔

سینٹرل پنجاب کے کوچ عبد الرزاق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمر اکمل کا کہنا تھا کہ اگر پلیئر کو عزت نا ملے اور بلامقصد سائیڈ پر کیا جائے تو کوئی کھلاڑی کب تک خاموش رہے گا؟ عبد الرزاق میرے ساتھ زیادتی کررہے ہیں لیکن میں کسی کے ساتھ پرسنل نہیں ہوا اور میں نے اسی وجہ سے نقصان اٹھایا کہ کیوں کہ مجھے جو صحیح لگتا ہے اور جو سچ ہوتا ہے میں وہی  بولتا اورکرتا ہوں۔

مزیدخبریں