قیام پاکستان سے اب تک ملنے والے توشہ خانہ تحائف کی رپورٹ طلب

قیام پاکستان سے اب تک ملنے والے توشہ خانہ تحائف کی رپورٹ طلب
کیپشن: توشہ خانہ تحائف کی تفصیلات،عدالت نے کابینہ ڈویژن سے جواب طلب کرلیا

ایک نیوز نیوز: اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ تحائف کی تفصیلات کیلئے درخواست پر انفارمیشن کمیشن کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے پر کابینہ ڈویژن سے جواب طلب کرلیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے قیام پاکستان سے اب تک صدور اور وزرائے اعظم کو ملنے والے تحائف کی تفصیل دینے کی ابوذر سلمان نیازی کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواستگزار کے وکیل نے کہا کہ پٹیشنرنے1947 سے اب تک کے صدور او روزرائےاعظم کو ملے تحائف کی تفصیل مانگی،  کابینہ ڈویژن نے کلاسیفائیڈ کہہ کر معلومات فراہمی سے انکار کردیا اور پاکستان انفارمیشن کمیشن نے 29 جون کو آرڈر دیا مگر  5 ماہ گزرنے کے باوجود عمل نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹر اعظم سواتی متنازع ٹویٹ کیس میں ریاست کو نوٹس جاری

جسٹس میاں گل حسن نے استفسار کیا کہ باقی پبلک سرونٹس کو بھی اس میں شامل کیوں نہیں کیا؟  آپ خود کو صدر اور وزیراعظم کی حد تک محدود کیوں کر رہےہیں؟ اس سے آپ کے عزائم کا پتا چل رہا ہے، جو بھی پٹیشن آتی ہے وہ وزیر اعظم سے متعلق آتی ہے۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہاکہ میرے خیال سے 1990 سے پہلے کا ریکارڈ ہی دستیاب نہیں،ایسی معلومات تو ویب سائٹ پر ہونی چاہئیں۔

جسٹس گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ ہوسکتا ہے توشہ خانہ کار یکارڈ دستیاب ہو، ریکارڈ ملے تو دے دیں،عدالت نے مختصر سماعت کے بعد پاکستان انفارمیشن کمیشن کے فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے پر کابینہ ڈویژن کو نوٹس جاری کردیا اور ایک ماہ میں رپورٹ طلب کرلی۔