وزیراعظم سے چین کی پیپلز لبریشن آرمی کی بری افواج کے کمانڈر کی ملاقات

Aug 26, 2024 | 21:42 PM

ایک نیوز: چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کی بری افواج کے کمانڈر، جنرل لی چیاؤ منگ نے اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی ہے،وزیر اعظم نے پاکستان آمد پر جنرل لی کا خیرمقدم کیا ۔  

جنرل لی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا پاکستان اور چین کے درمیان دہائیوں پر محیط اسٹریٹجک تعلقات ہیں اور دونوں ممالک قابل اعتماد دوست ہیں، دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو پاکستان میں وسیع عوامی، سیاسی اور ادارہ جاتی حمایت حاصل ہے جو دونوں ممالک کی ترقی کے لئے ضروری ہے۔

 وزیراعظم نے عسکری سطح پر تبادلوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی اور اسٹریٹجک تعلقات خطے میں امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔

 جنرل لی نے وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین آہنی بھائی، اسٹریٹجک پارٹنر اور قابل اعتماد دوست کی حیثیت سے پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو سب سے زیادہ ترجیح دیتا ہے۔ 

 انہوں نے چین اور پاکستان کی دوطرفہ دوستی کو تعاون اور اشتراک کی نئی سطحوں تک بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ 

علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو سراہتے ہوئے جنرل لی نے دونوں مسلح افواج کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے پاکستان کے ساتھ اپنے تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پیپلز لبریشن آرمی کے عزم کا اعادہ کیا۔

 دونوں فریقین نے پاک چین دوستی کے مختلف پہلوؤں بالخصوص دوطرفہ دفاعی اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔  

مزیدخبریں