کسی بلوچ نے کسی پنجابی کو نہیں مارا، دہشتگردوں کا کوئی قوم اور قبیلہ نہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان

کسی بلوچ نے کسی پنجابی کو نہیں مارا، دہشتگردوں کا کوئی قوم اور قبیلہ نہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان
کیپشن: No Baloch has killed any Punjabi, there is no nation or tribe of terrorists, Chief Minister Balochistan

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ کسی بلوچ نے کسی پنجابی کو نہیں مارا ہے، دہشتگردوں نے پاکستانیوں کو مارا ہے، دہشت گردوں کا کوئی قوم اور قبیلہ نہیں ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد پاکستانیوں کو شہید کرکے بھاگ جاتے ہیں، دہشت گرد دلیر ہیں تو سامنے آکر مقابلہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ بندوق سے بلوچستان کو توڑنے کی کوشش ناکام ہوگی، ہم ہر شہید کا بدلہ لیں گے، دہشت گردوں کو سزا دیں گے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، 21 کے قریب دہشت گرد جہنم واصل ہوچکے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ فیملیز کے سامنے شہید کردینا بزدلانہ کارروائی ہے، ہماری بلوچ روایات اس کی اجازت نہیں دیتیں، دہشت گردوں کا کوئی قوم اور قبیلہ نہیں ہے، دہشت گرد ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریاست مظلوم کےساتھ کھڑی ہوگی، بطور وزیرِاعلیٰ مجھے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے، دہشت گرد آسان ہدف کو نشانہ بناتے ہیں، کچھ لوگ دہشت گردوں کیلئے کام کررہے ہیں، یہ جنگ صرف دہشتگردوں اور فوج کی نہیں،ہم سب کی ہے، ہم دہشتگردوں کے نظریے کو مسلط نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہائی ویز پر رسپورنس کے وقت کو بہتربنائیں گے، کسی کو بھی قتل وغارت کی اجازت نہیں دے سکتے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہماری طرف سے چیک پوسٹ لگانے پر اعتراض آتا ہے، اب ہم پروپیگنڈا ٹولز سے متاثر نہیں ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا حامی ہوں، کیا معصوم شہریوں کے قاتلوں سےمذاکرات کروں؟ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی ضرور ہوگی، سمارٹ آپریشنز کے ذریعے دہشت گردوں تک پہنچیں گے، ناراض بلوچ کچھ نہیں ہوتا، بندوق اٹھانے والا دہشتگرد ہے، ناراض بلوچ کی اصطلاح میڈیا کی پیدا کردہ ہے۔

سرفرازبگٹی نے کہا کہ بشیر زیب پاکستان توڑنا چاہتا ہے اور بی ایل اے کا حامی ہے، ایسا نہیں ہونے دیں گے کہ پاکستان میں رہیں اور بی ایل اے کی حمایت کریں۔

انہوں نے بتایا کہ شعبان میں کچھ ناقابل شناخت لاشیں ملی ہیں، ڈی این اے کے بعد لاشوں کی شناخت ہوسکے گی۔

قبل ازیں، وزیراعلی بلوچستان نے واضح کردیا کہ غیرمعمولی حالات میں غیرمعمولی اقدامات کیلئے تیار ہیں،سینٹرل پولیس آفس کوئٹہ کے دورے کے موقع پر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ کسی بھی افسوسناک واقعہ کی صورت میں موثر اور فوری رد عمل دیا جائے۔ 

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی نے پولیس آفس کوئٹہ کا دورہ کیا، وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان بھی موجود تھے ۔

وزیراعلیٰ کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی سرفرازبگٹی نے کہا کہ غیرمعمولی حالات میں غیرمعمولی اقدامات کیلئےتیارہے،کسی بھی واقعہ پرمؤثراورفوری ردعمل دیاجائے۔

سرفرازبگٹی نے ہدایت کی کہ سی ٹی ڈی ، پولیس لیویز اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے سیکیورٹی کا جامع پلان مرتب دیں۔ شاہراؤں کی حفاظت کیلئےگشت کوبڑھایاجائے۔

انھوں نے کہا کہ بےگناہ لوگوں کونشانہ بنانےوالےرعایت کے مستحق نہیں ، دہشتگردوں وسہولت کاروں کوکیفرکردارتک پہنچایاجائےگا، انتشارپھیلانے والوں کومعاف نہیں کیا جائے گا ۔