مذہبی اجتماع پر شرپسندوں کی کارروائی کی مذمت کرتے ہیں:علماء کرام

مذہبی اجتماع پر شرپسندوں کی کارروائی کی مذمت کرتے ہیں:علماء کرام
کیپشن: Condemn the action of miscreants on the religious gathering: Ulama

 ایک نیوز:کراچی میں گولیمار کی حدود میں فائرنگ کے واقعے پر مختلف مذہبی مکاتبِ فکر کے علماء کرام کا ردعمل سامنے آیا ہے۔
فرقہ واریت کے خلاف مختلف مکاتبِ فکر کے علماء کرام نے اہم پیغامات میں گولیمار میں ایک مذہبی ریلی پر شرپسند کارروائی کی پرزور مذمت کی ہے،مذہبی قیادت نے کراچی کے شہریوں سے شرپسند عناصر کا ایجنڈا ناکام بنانے کی اپیل کی ہے۔
  مولانا اورنگزیب فاروقی کا کہنا ہے کہ شرپسند عناصر کیجانب سے کراچی کے امن کو خراب کرنے کی سازش کی گئی،قانون نافذ کرنے والے ادارے جلد تخریب کاروں کو گرفتار کر لیں گے،کارکنان پر امن رہیں اور شرپسند عناصر کی بد امنی کی سازش کو ناکام بنائیں۔
  مولانا اورنگزیب فاروقی کا مزید کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سےجلد از جلد غیر جانبدار انکوائری کی درخواست کی ہے۔
سید نذیر عباس تقوی نے بھی مذہبی اجتماع پر شرپسندوں کی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، علامہ سید نذیر عباس تقوی کا کہنا تھا کہ مکار دشمن کیجانب سے فرقہ واریت کو ہوا دینے کی کوشش کو ناکام بنائیں گے۔
مولانا تاج حنفی کا کہنا تھا کہ کراچی میں گولیمار کی حدود میں مذہبی مارچ پر شرپسندی کی مذمت کرتے ہیں۔
مولانا سید شہنشاہ حسین نقوی نے کہا کہ ہم فرقہ واریت، شدت پسندی اور بدامنی کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔

خیال رہے کہ کراچی کے علاقے گولیمار میں دو مذہبی گروہوں میں مسلسح تصادم  ہوا جس میں فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق ہو گیا ، تصادم میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہریار عرف شیری کا جسدخاکی چھیپا سرد خانے میں موجود  ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  میت غسل کفن کے بعد جلوس کی شکل میں لیاقت آباد نمبر  دس لے جائی جائے گی، میت وصول کرنے کے لئے عزیزو اقارب اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد سرد خانے پہنچ گئی،  کچھ  دیر میں میت نماز جنازہ کے لئے روانہ کی جائے گی،مقتول شہریار کی نماز جنازہ اہل سنت والجماعت کے سربراہ اورنگزیب فاروقی پڑھائیں گے ۔