قاہرہ :حماس اسرائیل جنگ بندی مذاکرات کسی معاہدے کے بغیر ختم 

قاہرہ :حماس اسرائیل کے مابین جنگ بندی مذاکرات کسی معاہدے کے بغیر ختم 
کیپشن: Cairo: Ceasefire talks between Israel and Hamas ended without an agreement

ویب ڈیسک: قاہرہ میں حماس اوراسرائیل کے مابین جنگ بندی مذاکرات کسی معاہدے کے بغیر ہی ختم ہوگئے ہیں۔
مصری سکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ حماس اور اسرائیل نے ثالثوں کی تجاویز پر اتفاق نہیں کیا، حماس کا کہنا تھا کہ جنگ بندی معاہدہ فوری کرانے کی امریکا کی باتیں غلط اور انتخابی مقاصد کیلئے ہیں، حماس رہنما اسامہ حمدان کا کہنا تھا کہ جولائی میں منظور کی جانے والی جنگ بندی تجاویز پر قائم ہیں، اسرائیل کی دی گئی نئی شرائط کو مسترد کرتے ہیں۔
عالمی خبر ایجنسی کے مطابق حماس کا وفد قاہرہ میں مصری اور قطری ثالث کاروں سے بات چیت کے بعد دوحا واپس چلا گیا،رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے غزہ جنگ بندی پر حالیہ بات چیت میں غزہ مصر بارڈر کے قریب قبضہ برقرار رکھنے کی شرط رکھی تھی جبکہ جنگ بندی کے آغاز پر بے گھر فلسطینیوں کی سکریننگ بھی شرائط میں شامل تھیں۔
امریکا میں وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی مشیر جیک سلیوان کا کہنا تھا کہ غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کیلئے امریکا اب بھی قاہرہ میں کوشش کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ اب تک غزہ پر اسرائیلی افواج کے وحشیانہ حملوں میں 40 ہزارسے زائد فلسطینی شہیدجبکہ لاکھوں فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں۔