کھلاڑی کا بوسہ لینے پرہسپانوی فٹبال فیڈریشن  کا صدرمعطل

کھلاڑی کا بوسہ لینے پرہسپانوی فٹبال فیڈریشن  کا صدرمعطل
کیپشن: Spanish Football Federation president suspended for kissing player

ایک نیوز : فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ہسپانوی فٹبال فیڈریشن کےصدر  لوئس روبیالس کو معطل کردیا۔
لوئس روبیالس کو اسپین کی ویمن فٹ بال ٹیم کی کھلاڑی ہرموسو کا بوسہ لینے پر معطل کیا گیا۔ فیفا نے لوئس روبیالس کو 90 روز کیلئے معطل کر دیا ہے، روبیالس اس دوران فٹبال کی کسی سرگرمی میں حصہ نہیں لےسکیں گے۔روبیالس اور اسپینش فٹ بال فیڈریشن کو ویمن ٹیم کی کھلاڑی ہرموسو سے رابطے کی اجازت نہیں ہوگی۔

خیال رہے کہ فیڈریشن کے صدر نے گزشتہ روز  اپنےعہدے سے الگ ہونے سے انکار کر دیا  تھا۔

فیفا ویمنز ورلڈ کپ کی ٹرافی جیتنے کے بعد ہسپانوی فٹبال ٹیم کی کھلاڑی جینی ہرموسو کا بوسہ لینے پر اسپینش فٹبال فیڈریشن کے صدر نے معافی مانگ لی تھی تاہم فیفا نے ان کیخلاف کارروائی کا اعلان کیا تھا۔

اسپین کی ٹیم نے تاریخ میں پہلی بار ورلڈکپ جیتا جس کے بعد ہونے والی تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر فیڈریشن کے صدر لوئس روبیالس کو ٹیم کی کھلاڑیوں سے بغل گیر ہوتے اور بوسہ لیتے ہوئے دیکھا گیا۔

فیڈریشن کے صدر سے جب ٹیم کی کھلاڑی جینی ہرموسو ملنے آئیں تو انہوں نے پہلے کھلاڑی کو گلے لگایا اور پھر بوسہ لے لیا جس پر شدید تنقید کی گئی، اس حرکت پر ہسپانوی وزرا نے بھی تنقید کی تھی۔