الیکشن میں تاخیرپر جماعت اسلامی کا سپریم کورٹ سے رجوع کا فیصلہ

Aug 26, 2023 | 21:18 PM

ایک نیوز :جماعت اسلامی نے الیکشن میں تاخیر کے معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔

جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ اور سابق ایم این اے عبد الاکبر چترالی نے درخواست  تیار کرلی ہے، جسٹس ریٹائرڈ غلام محی الدین کے توسط سے سپریم کورٹ میں اگلے ہفتے درخواست دائر کی جائےگی۔

جماعت اسلامی کی جانب سے تیار  درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہےکہ نگران وفاقی حکومت کی جانب سے عام انتخابات میں تاخیر آئین کے آرٹیکل 224 کی خلاف ورزی ہے،  اسمبلی تحلیل کے بعد 60 سے 90 دن کے اندر انتخابات منعقد کروانا  آئین کے آرٹیکل 224 میں واضح ہے لیکن مشترکہ مفادات کونسل کے نمائندوں اور نگران وزرائے اعلیٰ کے درمیان اجلاس کو بنیاد بنا کر الیکشن میں تاخیر کی جارہی ہے۔

 درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہےکہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں دو وزرائے  اعلیٰ نے اپنے نگران حکومت کے پہلے دورانیےکو مکمل کیا ہے اب ان حکومتوں کی حیثیت غیر قانونی اور غیر آئینی ہے، عدالت الیکشن کمیشن کو الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 57  ٹو کے تحت جنرل الیکشن کا اعلامیہ جاری کرنےکا حکم دے اور 90 دن کے اندر انتخابات منعقد کرنےکے لیے الیکشن کمیشن کو احکامات جاری کرے۔

مزیدخبریں