ایک نیوز :قومی کرکٹرعمر اکمل کرکٹ کھیلنے پرپابندی کے بعد مشکلات کاذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔
قومی کرکٹرعمر اکمل کا نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھاکہ کرکٹ کھیلنے پرپابندی کے بعد حالات اتنے خراب ہوگئے تھے کہ پیسے نہ ہونے کی وجہ سے بیٹی کے اسکول کی فیس جمع نہیں کرسکا اور وہ 8 ماہ تک اسکول نہیں گئی۔جب میرے اوپر مشکل وقت آیا تو بہت سے لوگوں کا اصل چہرہ سامنے آیا، ایک وقت میں جو لوگ میری ایک کال پر فون اٹھاتے تھے انہوں نے میرا ساتھ چھوڑ دیا لیکن جو لوگ میرے ساتھ آج بھی کھڑے ہوئے ہیں ان کا شکر ادا کرتا ہوں۔ میرے بھائیوں اور چند دوستوں نے میرا ساتھ دیا۔
عمر اکمل کاکہنا تھاکہ ’آج اللہ کا شکر ہے کہ گھر کے حالات بہتر ہوگئے ہیں، میں اپنی اہلیہ کا جتنا شکریہ ادا کروں اتنا کم ہے، میری اہلیہ مرحوم کرکٹر عبدالقادر کی بیٹی ہیں، انہوں نے مجھے کہا کہ چاہے جتنے بھی مشکل حالات ہوں وہ میرا ساتھ دیں گی اور اس کے لیے میں ان کا شکر گزار ہوں۔
عمر اکمل کا کہنا ہے کہ ’میں نے ٹک ٹاک پر اپنی ویڈیوز میں کسی کے کردار پر تنقید نہیں کی، میری زیادہ تر ویڈیوز ٹریننگ کی ہوتی ہیں جو کچھ لوگوں کو اچھی لگتی ہیں اور کچھ لوگوں کو بُری لگتی ہیں لیکن میرا کام لوگوں کو دکھانا ہے۔‘
کرکٹرعمراکمل کاکہنا تھاکہ میں صرف یہی پیغام دوں گا کہ جو مشکل وقت میں نے گزارا ہے وہ کسی دشمن پر بھی نہ آئے، کرکٹ میں کم بیک کرنے کی کوشش کررہا ہوں، اللہ پر یقین ہے کہ اپنی محنت سے آگے بڑھوں گا اور پاکستان کے لیے ایک بار پھر کھیلوں گا۔‘میں یہاں کسی کا نام نہیں لوں گا، جو گزر گیا اس کو دہرایا نہیں جاتا ہے، اللہ لے کر بھی آزماتا ہے اور دے کر بھی آزماتا ہے۔‘