رانی پورتشدد کیس،پیراسدشاہ 3روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کےحوالے

Aug 26, 2023 | 15:58 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز:رانی پور کی عدالت نے کم سن ملازمہ فاطمہ کے قتل کے مقدمے میں ملزم پیراسدشاہ کو 3روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کم سن ملازمہ فاطمہ کے قتل کے مقدمے میں پیر اسد شاہ کو جج و جوڈیشل مجسٹریٹ رانی پور کی عدالت میں پیش کردیا گیا۔پیر اسد شاہ کو عدالت میں پیش کرنے کے دوران نثار احمد بھنبھرو ایڈوکیٹ سپریم کورٹ اور دیگر مقامی وکلا عدالت میں موجود تھے۔

پیر اسد شاہ  کو بھاری سیکورٹی میں رانی پور کی عدالت لایا گیا،مقتولہ بچی فاطمہ فرڑو کی والدہ مسمات شبنم فرڑو بھی عدالت میں موجود تھی۔رانی پور پولیس نے پیر اسد شاہ کو ہفتے کے روز تیسری بار مقتولہ ملازمہ فاطمہ فرڑو کے قتل کے مقدمے میں عدالت میں پیش کیا۔

نثاراحمد بھنبھرو ایڈوکیٹ نے کہا کہ معصوم بچی فاطمہ فرڑو کے قتل کا مقدمہ بڑا ہائی پرو فائیل اور حساس مقدمہ ہے. مقتولہ بچی فاطمہ فرڑو کے قتل کے مقدمے میں ملک کے بڑے قانوندان مانیٹر کر رہے ہیں،انشاء اللہ مقتولہ بچی کو انصاف دلائیں گے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کے کارکن سول سوسائٹی کے نمائندے اور بڑی تعداد میں صحافی بھی عدالت کے باہر موجود تھے۔

بعد ازاں عدالت کے جج محمد عظیم سولنگی نے پیر اسد شاہ کو 3 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

مزیدخبریں