ایک نیوز: خیرپور کے علاقے رانی پور میں پیر کی حویلی میں 10 سالہ فاطمہ کی ہلاکت کےکیس کے مرکزی ملزم اسد شاہ کی حمایت میں کچے کے ڈاکو سامنے آگئے۔
تفصیلات کے مطابق باگڑجی کچے کے ڈاکو ملزم پیر اسد شاہ کی حمایت میں سامنے آئے ہیں اور ڈاکوؤں کی جانب سے پولیس افسران اور صحافیوں کو دھمکیاں دینےکی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں رانی پور میں پیر کی حویلی میں کام کرنے والی 10 سالہ بچی تشدد سے جاں بحق ہوگئی تھی۔ مرکزی ملزم اسد شاہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں جبکہ ملزم اسد شاہ کی اہلیہ حنا ضمانت کی مدت ختم ہونے کے باوجود تاحال گرفتار نہیں ہو سکی ہیں۔
ورثا کی درخواست پر مرکزی ملزم اسد شاہ کی اہلیہ ملزمہ حنا شاہ کے والد فیاض شاہ کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ مقتولہ بچی کی والدہ نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ فاطمہ کو فیاض شاہ کے حوالے کیا تھا جس نے بچی کو حنا شاہ کے گھر چھوڑا۔میڈیکل بورڈ نے ابتدائی رپورٹ میں کمسن ملازمہ کے ساتھ جنسی زیادتی اور جسمانی تشدد کی تصدیق کی تھی۔