ایک نیوز:اکثر افراد مچھلی کے تیل کے سپلیمنٹس کا استعمال اس توقع کے ساتھ کرتے ہیں کہ اس سے دل اور دماغ سمیت جسمانی صحت کو فائدہ ہوگا۔
مگر کیا واقعی ایسا ہوتا ہے؟ اس سوال کا جواب امریکا میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں دیا گیا ہے۔
یونیورسٹی آف ٹیکساس ساؤتھ ویسٹرن میڈیکل سکول کی تحقیق کے دوران اس حوالے سے تمام شواہد اور ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر آپ بھی مچھلی کے تیل کے سپلیمنٹس کو صحت کیلئے مفید سمجھتے ہیں تو ممکنہ طور پر اپنے پیسے ضائع کر رہے ہیں۔
تحقیق کے دوران محققین نے سپلیمنٹس کے روزانہ استعمال سے مرتب اثرات اور دیگر تمام دستیاب ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی۔
انہوں نے دریافت کیا کہ زیادہ تر سپلیمنٹس تیار کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے دل کی صحت کو بہتر بنانے کے دعوے کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی دریافت کیا کہ60 سال سے زائد عمر کے ہر5 میں سے ایک فرد دل کی صحت کیلئے ان سپلیمنٹس کا استعمال کرتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ اگر آپ ہائی بلڈ پریشر یا کولیسٹرول کو کنٹرول کرنا چاہتے ہیں تو اس طرح کے سپلیمنٹس پر پیسے ضائع کرنے کی بجائے پھلوں یا سبزیوں کو کھائیں، جم جانا شروع کر دیں یا ڈاکٹر سے تجویز کردہ ادوایات کا استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ مچھلی کے تیل کے سپلیمنٹس سے دل کی صحت بہتر نہیں ہوتی اور لوگوں کو ان کا استعمال ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر نہیں کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ مختلف ممالک میں مچھلی کے تیل کے سپلیمنٹس سے دل پر مرتب اثرات کے حوالے سے کلینیکلز ٹرائلز میں کوئی فائدہ دریافت نہیں ہوا۔
محققین کے مطابق ان سپلیمنٹس کی بجائے اگر ہفتے میں2 بار مچھلی کھانے کو عادت بنایا جائے تو اس سے دل کو زیادہ فائدہ ہوسکتا ہے۔