ایک نیوز نیوز: ملک بھر میں جاری شدید بارشیں اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے وزارت داخلہ نے سویلین حکومت کی مدد کے لیے فوج تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج تعینات کرنے کی سمری وفاقی کابینہ کو بھجوائی گئی ہے، جو کہ سمری کی حتمی منظوری دے گی۔ بتایا گیا ہے کہ چاروں صوبائی حکومتوں کی جانب سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں فوج تعینات کرنے کی ریکوزیشن وزارت داخلہ کو بھجوائی گئی تھی۔
وفاقی وزیرداخلہ راناثناءاللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشن میں سویلین حکومت کی مدد کے لیے فوج کو تعینات کیا جارہا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ چاروں صوبوں کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کو تعینات کیا جارہا ہے۔