ایک نیوز نیوز: ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرین کی فلاح و بہبود کے لیے پاک فضائیہ کا آپریشن جاری ہے۔
ترجمان نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ پاک فضائیہ حالیہ سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد کے مصائب سے بخوبی آگاہ ہے۔ پی اے ایف بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے دوران ریاستی اداروں اور سول انتظامیہ کی مدد کر رہی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فضائیہ کے فیلڈ میڈیکل کیمپس میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف چوبیس گھنٹے سیلاب متاثرین کو مفت علاج اور ادویات فراہم کر رہے ہیں۔ ریلیف آپریشن کے دوران پی اے ایف کی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں نے تیار کھانا، راشن اور دیگر ضروری اشیاء بھی سیلاب متاثرین میں تقسیم کیں۔
https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2022-08-26/news-1661520068-9268.mp4
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق آج پی اے ایف کا سی 130 طیارہ نورخان ایئربیس سے امدادی سامان لے کر سکھر پہنچا۔ طیارہ سیلاب متاثرین کے لیے 14000 پاؤنڈ امدادی سامان لے کر پہنچا جس میں خوراک، خیمے اور ادویات شامل تھیں۔
پاک فضائیہ قدرتی آفات کے دوران انسانی امداد فراہم کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ موجودہ ریلیف آپریشن پاکستان ائیر فورس کے اس عزم کا عملی مظہر ہے کہ مشکل کی گھڑی میں ہم وطنوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔