بھارتی ناظم الامورکی دفتر خارجہ طلبی،پاکستان کا واقعہ پر شدید احتجاج

Aug 26, 2022 | 16:15 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی ناظم الامور سے پاکستانی قیدی محمد علی حسین کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی قابض فوج نے محمد علی حسین کو جعلی پولیس مقابلے میں قتل کر دیا تھا۔ محمد علی حسین 2006 سے مقبوضہ کشمیر کی بھلوال جیل میں قید تھے۔ بھارتی ناظم الامور کو آگاہ کیا گیا کہ محمد علی حسین کے قتل سے پاکستان کے اس موقف کو تقویت ملی ہے کہ بھارتی قابض فوج پاکستانی اور کشمیری قیدیوں کے ماورائے عدالت اور دہشتگردی کے ذریعے قتل میں ملوث ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی ناظم الامور کو یاد دلایا گیا کہ بھارتی قابض فوج نے اسی طرح ایک اور پاکستانی ضیا مصطفی کو بھی گزشتہ سال جعلی پولیس مقابلے میں قتل کر دیا تھا۔ بھارتی دعوؤں کے برعکس محمد علی حسین کو سفاکانہ طریقے سے قتل کیا گیا۔

پاکستان کو بھارتی جیلوں میں قید پاکستانی شہریوں کی سیکورٹی پر شدید تحفظات  ہیں۔

مزیدخبریں