پرویزالہٰی کا سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے 5 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان

پرویزالہٰی کا سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے 5 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان
کیپشن: پرویزالہٰی کا سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے 5 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان

ایک نیوز نیوز: وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے 5 ارب روپے مختص کرنے اور فلڈ ریلیف فنڈ قائم کرنے کا اعلان کردیا۔

لاہورمیں صوبائی وزرا اور ارکان اسمبلی نے وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کی، اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ مخیر حضرات مشکل میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد کیلئے آگے بڑھیں۔ فلڈ ریلیف فنڈکی پائی پائی متاثرین پر خرچ کی جائےگی۔

انہوں نے کہا کہ تونسہ، ڈی جی خان اور راجن پورمیں جانی ومالی نقصان پر دلی دکھ اور افسوس ہے،جوکچھ انسانی بس میں ہوا، سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے کر گزریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اولین ترجیح ہے، امدادی سرگرمیوں میں پاک فوج کا تعاون لائق تحسین ہے، پاک فوج نے لوگوں کے محفوظ انخلا کو یقینی بنایا جس پر کور کمانڈر ملتان کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔

یاد رہے پنجاب کے وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونیوالے ہر شخص کے ورثا کو 10 لاکھ روپے، پکا مکان مکمل تباہ ہونے پر 4 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

لاہور میں وزارتی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ انتہائی زخمی شخص کو 3 لاکھ روپے، شدید زخمی کو ایک لاکھ اور معمولی زخمی افراد کو بالترتیب ایک لاکھ اور 50 ہزار روپے ملیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ امدادی پیکج کے تحت متاثرین کو فوری ادائیگی کی جائے گی۔ جزوی پکے مکان کے نقصان پر امدادی رقم 40 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ روپے کر دی گئی ہے جبکہ مکمل کچے اور جزوی کچے مکان کو نقصان پر بالترتیب 2 لاکھ اور 50 ہزار روپے ملیں گے۔

 اس کے علاوہ  بڑے مویشی کی ہلاکت پر 50 ہزار، بھیڑ بکری کی ہلاکت پر 5 ہزار دینے کی تجویز ہے جبکہ فصلوں کے نقصان پر ساڑھے 12 ایکڑ تک فی ایکڑ 15 ہزار روپے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔