ایک نیوز: بارشوں کا طاقتور سپیل پاکستان میں داخل ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ جس کے تحت آئندہ 10 سے 12 روز تک ملک کے کم وبیش ہر حصے میں بارش ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات یا جمعہ سے بارشوں کا طاقتور اور طویل سسٹم ملک پر اثرانداز ہونے کا امکان ہے۔28 اپریل سے 7 مئی تک کراچی سے کشمیر تک کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہو سکتی ہے۔
اس دوران پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کے 90 فیصد علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوگی جبکہ اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج کوئٹہ سمیت بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں کے سبب گوادر، پسنی اور اورماڑہ کے سمندر میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو الرٹ جاری کرتے ہوئے گہرے سمندر میں جانے سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل سے بارشوں کا نیا سپیل پاکستان میں داخل ہوگا جو 5 مئی تک بارشیں برسائے گا،26 اپریل سے 29 اپریل تک کشمیر، گلگت بلتستان، پشاور، چارسدہ، اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔ اس دوران لاہور، اسلام آباد، مری، گلیات، جہلم، گوجرانوالہ سمیت دیگر علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے،27 اپریل سے 3 مئی تک بلوچستان ، جنوبی پنجاب سندھ کے مختلف علاقوں اور جامشورو میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور زالہ باری کا امکان ہے،30 اپریل سے 5 مئی تک کشمیر، پشاور،چارسدہ، ایببٹ آباد، اسلام آباد، راولپنڈی ، مری، گلیات سمیت دیگر شہروں میں موسلادھار بارش اور طوفان بادوباراں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، نارووال، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، قصور، شیخورہ اور ننکانہ صاحب میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔تیز ہواؤں اور جھکڑ چلنے سے گندم کی فصل کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، محکمہ موسمیات نے وارننگ جاری کر دی ہے۔موسلادھار بارشوں سے کشمیر،ایبٹ آباد، سوات اور چترال سمیت دیگر علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی کا اندیشہ ہے،خیبرپختونخواہ، گلگت بلتستان، مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔